امتحانات ملتوی ہوں گے یا نہیں؟ وفاقی وزیر تعلیم نے طلبا کیلئے بڑا اعلان کر دیا

اسلام آباد(پی این آئی )وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے ملک بھر کے طلبہ کو امتحانات کی تیاری کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سال امتحانات ملتوی یا منسوخ نہیں ہوں گے۔لاہور میں ایک تقریب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ پچھلے سال ناصرف امتحانات منسوخ کیے گئے بلکہ تمام بچوں کو پاس بھی کیا گیا لیکن اس سال تمام وفاقی اکائیوں نے فیصلہ کیا ہے کہ امتحان کے بغیر گریڈ نہیں ہوں گے۔ان کا کہنا تھا کہ اے اور او لیول کے امتحانات ہو چکے ہیں اور اگلے چند دنوں میں نویں سے بارہویں جماعت کے امتحانات ہونے والے ہیں اور طالبعلموں کو ہدایت کی کہ وہ تعلیم جاری رکھیں کیونکہ امتحان نہ ملتوی ہوں گے نہ ہی منسوخ ہوں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ بچےامتحانات کی تیاری کرتے رہیں اور چند بچے جو اس امید پر ہیں کہ شاید امتحانات منسوخ ہوں گے تو ایسا نہیں ہو گا کیونکہ یہ تمام صوبوں اور وفاقی اکائیوں نے متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا ہے اور بورڈ کی جانب سے اعلان کردہ شیڈول کے مطابق ہوں گے۔شفقت محمود نے کہا کہ میں تمام بچوں کو یہ مشورہ دوں گا کہ اپنی تعلیم جاری رکھیں اور ادھر ادھر کی باتوں اور افواہوں پر کان نہ دھریں اور جو ڈیٹ شیٹ بورڈ نے دی ہے، اس کے مطابق امتحانات ہوں گے اور اس کا اطلاق پورے ملک میں ہو گا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں 29 بورڈ ہیں، انہوں نے اپنی اپنی ڈیٹ شیٹ جاری کی ہیں اور اسی کے مطابق امتحان ہو گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close