وزیراعظم کے احساس پروگرام سینٹر سے ڈاکو 10 لاکھ سے زائد رقم لوٹ کر فرار

کراچی(آئی این پی) گلشن اقبال میں واقع احساس پروگرام سینٹر سے چھ ڈاکو 10لاکھ روپے سے زائد لوٹ کر باآسانی فرار ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن اقبال بلاک فائیو میں واقع چلڈرن اسپتال کے قریب احساس پروگرام سینٹر میں علی الصبح چھ مسلح ڈاکو داخل ہوئے اور اسلحے کے زور پر لوٹ مار کی، اور وہاں موجود عملے کے موبائل فون چھینے اور نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے۔عینی شاہدین نے بتایا کہ چلڈرن اسپتال کے قریب قائم پارک کے اندر احساس پروگرام سینٹر قائم ہے جہاں وفاقی حکومت کے تحت غریب افراد کو 12 ہزار روپے فی کس رقم ادا کی جاتی ہے، صبح تقریبا11بجے تین موٹر سائیکلوں پر 6 ملزمان پہنچے اور اسلحے کے زور پر سینٹر میں رکھے 10 لاکھ روپے سے زائد اور عملے کے موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے۔عینی شاہدین نے کہا کہ سینٹر میں ہروقت لاکھوں روپے کیش موجود ہونے کے باوجود یہاں کوئی پولیس اہلکار تعینات نہیں تھا جس کے باعث ملزمان نے باآسانی واردات کی اور فرار ہوگئے، ایک ملزم سیکیورٹی گارڈ کی طرز کے کپڑے پہنا ہوا تھا۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرعام پر آگئی ہے اور پولیس نے واقعے کا مقدمہ الزام نمبر 824/2021چھ نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ گلشن اقبال میں چوری ، ڈکیتیاں اور گھروں میں لوٹ مار کے واقعات میں غیر معمولی اضافہ ہوگیا ہے اور ایس پی گلشن اقبال معروف عثمان جرائم پر کنٹرول میں مکمل طور پر ناکام نظر آرہے ہیں، آئی جی سندھ مشتاق مہر سے اپیل کی ہے کہ علاقے میں ایس ایس پی تعینات کیا جائے جو شہریوں کو اسٹریٹ کرائم اور ملزمان سے نجات دلاسکے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں