اسلام آباد ماڈل ٹائون میں گھروں کی تعمیرات سمیت ہرقسم کی سرگرمیوں پر پابندی عائد

اسلام آباد (آئی این پی)وفاقی ترقیاتی ادارے(سی ڈی اے)کی انتظامیہ نے زون فور کے مضافاتی علاقے ملوٹ سیداں میں واقع نجی ہاوسنگ سکیم اسلام آباد ماڈل ٹائون میں گھروں کی تعمیرات سمیت ہرقسم کی سرگرمیوں پر پابندی عائد کردی ۔ تفصیلات کے مطابق جس زمین پر ایل او پی لیا گیا وہ زمین کسی اور ہاوسنگ سوسائٹی کو بھی بیچی جا چکی ہے ،سی ڈی اے کے شعبہ پلاننگ و ڈیزائن کی جانب سے گزشتہ روز لکھے گئے مراسلے میں نجی ہاوسنگ سکیم کو متنبہ کیاگیا ہے کہ کمپنی نے اکتوبر 2019 میں 404 کینال اراضی پر اسلام آباد ماڈل ٹاون کے نام سے سکیم کا مشروط طور پر لے آوٹ پلان منظور کروایا تاہم انیس ماہ گزرنے کے باوجود سکیم کے مطلوبہ دستاویزات جمع کروائی نہ ہی این او سی حاصل کیا بلکہ زوننگ ریگولیشننز 1992 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مذکورہ سکیم میں پلاٹس فروخت کئے اور پلاٹس پر گھروں کی تعمیرات شروع کروادی ہیں ۔سی ڈی اے نے سکیم کو غیرقانونی قرار دے کر اس میں ہر قسم کی تعمیرات اور دیگر سرگرمیوں پر پابندی عائد کردی ہے۔ واضح رہے کہ اسلام آباد ماڈل ٹائون کے مالک طاہر نواز کیخلاف چند روز قبل ملوٹ کے رہائشیوں نے مجسٹریٹ کو بھی درخواست دی گئی تھی جس میں ٹائون مالک کی طرف سے انکی زمینوں پر قبضے کرنے اور دھمکیاں دینے کے الزامات عائد کئے گئے تھے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں