مسئلہ بھارت افغانستان تعلقات سے نہیں، افغان سرزمین ہمارے خلاف استعمال کرنے سے ہے، فواد چوہدری

اسلام آ باد (آئی این پی ) وفاقی وزیربرائے اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ مسئلہ بھارت افغانستان تعلقات سے نہیں، افغان سرزمین ہمارے خلاف استعمال کرنے سے ہے،افغانستان میں تاریخ رہی ہے کہ بندوق سے حکمرانی کا فیصلہ ہوتا ہے۔ اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیربرائے اطلاعات ونشریات نے کہا وزیراعظم عمران خان کا گزشتہ روزقومی سلامتی اجلاس میں آنے کا ارادہ تھا، اپوزیشن لیڈرنے اسپیکرآفس کو پیغام دیا تھا کہ وزیراعظم آئیں گے توہم بائیکاٹ کریں گے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ ہماری کوشش اوردعا ہے کہ افغانستان میں پرامن حکومت قائم ہو، افغانستان میں تاریخ رہی ہے کہ بندوق سے حکمرانی کا فیصلہ ہوتا ہے، افغانستان میں اگرجنگ کی صورتحال پیدا ہوتی ہے تواس کا ہم پرمنفی اثرہوتا ہے، طالبان کا حکومت میں آنا اتنا آسان نہیں، چاہتے ہیں حکومت اوران کے مذاکرات ہوں۔ فواد چوہدری نے کہا کہ بھارت پاکستان کے خلاف افغان سرزمین کا استعمال کرتا ہے توہمیں اعتراض ہوتا ہے، ہمارا مسئلہ بھارت افغانستان تعلقات سے نہیں، افغان سرزمین کوہمارے خلاف استعمال کرنے سے ہے، کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے 5 سے 7 ہزاردہشت گرد افغانستان میں ہیں، کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے دہشت گردوں کو وہاں کون پیسے دے رہا ہے؟ لاہورجوہرٹاون دھماکے کے تانے بانے بھارت سے مل رہے ہیں۔ فواد چوہدری نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ اس لیے ہورہی ہے کہ گزشتہ حکومت نے درآمدی فیول سے بجلی بنائی، امپورٹڈ فیولزمیں کمی کی وجہ سے سسٹم بیٹھ گیا، 3 سے 4 روزمیں لوڈ شیڈنگ ختم ہوجائے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close