آئندہ انتخابات میں پیپلزپارٹی کا سندھ سے بھی صفا یا ہو جائے گا، شاہ محمود قریشی

ملتان(آئی این پی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی ذوالفقار علی بھٹو والی پارٹی نہیں بلکہ زرداری والی پارٹی بن چکی ہے،ذوالفقار علی بھٹو کے نظریات دفن ہو چکے ہیں، پیپلز پارٹی کو سندھ میں حکومت کرتے آج 12واں سال ہے،انہوں نے کہا کہ اندرون سندھ کے حالات انتہائی ناگفتہ بہ ہیں۔سندھ میں کرپشن آسمان کو چھو رہی ہے ہر ادارے میں کرپشن کی گنگا بہہ رہی ہے۔ان حالات میں آپ ترقی کے جتنے مرضی نعرے لگائیں ان خالی نعروں میں وزن نہیں رہتا۔سن لیں آئندہ انتخابات میں پی پی کا سندھ سے بھی صفایا ہو جائے گا اورسندھ میں آئندہ اقتدار پی ٹی آئی کا ہوگا،شاہ محمود قریشی نے ان خیالات کا اظہار ملتان میں اپنے حلقہ انتخاب کی مختلف یونین کونسلوں کے دورہ کے دوران وفود سے ملاقات اور استقبالیہ تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت کو اقتدار ملا تو بہت سے بحران ورثے میں ملے، شروع میں کافی مشکلات پیش آئیں حکومت نے مشکل فیصلے کئے۔ عوام کو بوجھ کا سامنا کرنا پڑا،لیکن ہم نے معیشت کو سہارا دیا اور اب ہم اللہ کے فضل و کرم سے ترقی کی جانب بڑھ رہے ہیں۔شرح نمو میں اضافے کے ساتھ ہی ملک میں خوشحالی آئے گی اور ملازمتوں کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔آج ترسیل زر کی شرح برآمدات کی شرح سے تجاوز کر گئی ہے۔ریکارڈ ترسیل زر پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے شکر گزار ہیں،انہوں نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں وہ ملکی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ہم چاہتے ہیں کہ وہ ملک میں جمہوریت کے فروغ اور سیاسی سفر میں شامل ہوں۔ ہم انہیں ملک میں جاری سیاسی عمل کا حصہ بنانا چاہتے ہیں جس کیلئے ہم انہیں ووٹ کا حق دینا چاہتے ہیں۔لیکن اپوزیشن اس راستے میں رکاوٹ بن رہی ہے۔ شہباز شریف نے جو تجویز دی ہے وہ قابل عمل نہیں ہے،شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج ایسی ٹیکنالوجی موجود ہے جسے بروئے کار لا کر بیرون ملک مقیم پاکستانی، پاکستان کی مدد بھی کر سکتے ہیں اور اسٹیک ہولڈر بھی بن سکتے ہیں۔پی ٹی آئی رہنما قربان ڈوگر کی رہائش گاہ پر استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ملک میں جاری ترقیاتی کاموں بالخصوص سی پیک اور دیگر ترقیاتی منصوبوں سے ملکی معیشت میں اضافہ ہوگا،وزیراعظم عمران خان کی ترجیح ہے کہ ملک میں میرٹ کو فروغ دیا جائے ،انہوں نے کہا کہ ملتان میں جاری ترقیاتی منصوبے بہت جلدپایہ تکمیل تک پہنچ جائیں گے اور آنے والے دنوں میں ملتان کا شمار ترقی یافتہ شہروں میں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں پی ٹی آئی کی حکومت اپنے ترقیاتی کاموں اور کارکردگی کی بنا پردوبارہ حکومت بنائے گی۔انہوں نے کہاکہ امریکہ ایک اہم ملک ہے۔ہمارے امریکہ کیساتھ تعلقات بہت اچھے ہیں۔ لیکن اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ ہماری کوئی عزت نفس نہیں ہے،وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم برابری کی بنیاد پر تعلقات مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے۔ہمیں افغان عوام کی تکلیف کا احساس ہے۔ افغانستان میں قیام امن سے پورا خطہ مستفید ہو گا،شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم نہیں چاہتے افغانستان میں مزید جنگ ہو، افغانستان میں امن چاہتے ہیں ، خدانخواستہ افغانستان کے حالات بگڑتے ہیں تو افغانستان کے بعد پاکستان سب سے زیادہ متاثر ہو گا۔ افغانستان میں قیام امن کی ذمہ داری افغان قیادت پر عائد ہوتی ہے۔ ہم افغانستان کے ساتھ دو طرفہ تجارت بڑھانے کے متمنی ہیں۔نئے معاہدہ سے پاکستان اورافغانستان کے درمیان تجارت کاحجم کئی گنابڑھ سکتاہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close