کاروباری سرگرمیوں کے اوقات کار بڑھا نے کا فیصلہ، نیا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا

کراچی (پی این آئی) محکمہ داخلہ سندھ نے کورونا ایس اوپیز سے متعلق نیا حکم نامہ جاری کردیا ہے، جس کے تحت سندھ میں کاروباری اوقات کار بڑھا کر رات 10 بجے تک کردئیے گئے، سینما گھر، تھیٹرز، مزارات کھولنے کی اجازت ہوگی، ہوٹلز، ریسٹورنٹس شادی ہالز بھی کھولے جاسکیں گے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ نے کورونا ایس اوپیز سے متعلق نیا حکم نامہ جاری کردیا ہے، جس کے تحت سندھ میں کاروباری اوقات کار بڑھا کر رات 10 بجے تک کردئیے گئے۔ہوٹلز اور ریسٹورنٹس میں انڈور ڈائننگ رات 12 بجے تک ہوسکےگی۔ انڈور ڈائننگ کیلئے ویکسین کرانے والے مہمانوں کو اجازت ہوگی۔ ہوم ڈیلیوری اور ٹیک اوے سروس 24 گھنٹے کی جاسکےگی۔شادی ہالز میں آوٹ ڈور تقریبات کا انعقاد 400 مہمانوں کے ساتھ کیا جاسکےگا۔شادی ہالز میں 200 مہمانوں کے ساتھ ان ڈور تقریبات کی اجازت ہوگی۔ سینما گھر اور تھیٹر رات ایک بجے تک کھلے رکھے جاسکیں گے۔مزارات ایس اوپیز کے ساتھ کھلے رہیں گے۔ ترجمان وزارت صحت سندھ کے مطابق سندھ میں کورونا وائرس کے مثبت آنے کی شرح4 اعشاریہ 28 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے، کورونا کے باعث 14 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔ اسی طرح کورونا وائرس کی جاری تیسری لہر کے دوران پاکستان کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں 29 ویں نمبر پر ہے، ملک میں کورونا کیسز میں معمولی اضافہ سامنے آیا ہے۔اسی طرح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز میں پھر اضافہ ہوگیا ،محکمہ ضلعی صحت اسلام آباد کے مطابق گزشتہ روز اسلام آباد میں 73 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی، جس کے بعد دارالحکومت میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 3 اعشاریہ 7 فی صد ہو گئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close