پیر سے بجلی کی صورتحال معمول پر آنا شروع ہوجائے گی، حماد اظہر

اسلام آباد(آئی این پی)وزیر توانائی حماد اظہر نے آئندہ ہفتے لوڈ شیڈنگ پر قابو پانے کی نوید سنا تے ہوئے کہا ہے کہ پیر سے بجلی کی صورتحال معمول پر آنا شروع ہوجائے گی۔وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں ایل این جی کی فراہمی بحال ہونے سے پیر تک بجلی پیداوار بہتر ہوجائے گی، آئندہ ہفتے سے تربیلا ڈیم سے بھی بجلی پیداوار بڑھنے کی امید ہے، تربیلا ڈیم اس وقت 25 فیصد بجلی پیدا کر رہا ہے۔حماد اظہر نے کہا کہ ایل این جی ٹرمینل کی تعمیر، تربیلا ڈیم میں پانی کمی سے بعض پلاور پلانٹس پوری صلاحیت سے نہیں چل رہے، اس صورتحال کی وجہ سے بعض فیڈرز پر لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔دوسری جانب ملک میں بجلی کا بحران سنگین ہوگیا، شارٹ فال 6 ہزار میگاواٹ تک پہنچ گیا۔ذرائع کے مطابق بجلی کی مجموعی پیداوار 19 ہزار میگاواٹ جبکہ طلب 25 ہزار میگاواٹ ہے۔ اس وقت ہائیڈل سے 4 ہزار میگاواٹ، تھرمل پاور پلانٹس سے 2 ہزار میگاواٹ اورآئی پی پیز سے 13 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے۔ آئیسکو کو بھی 2200 کے بجائے 1700 میگاوواٹ بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ کیا یہی تبدیلی ہے کہ ختم ہوئی لوڈ شیڈنگ پھر سے شروع ہوگئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close