ہاتھ پھیلانے سے طاقتور نہیں بنا جاسکتا، وزیراعظم عمران خان نے اسرائیل کی تعریف بھی کر دی

اسلام آباد(پی این آئی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ منشیات کے عادی کی طرح ہمیں قرض لینے کی عادت ہوگئی، ہاتھ پھیلانے سے طاقتور نہیں بنا جاسکتا، فوڈ سکیورٹی ہی نیشنل سکیورٹی ہے، آئندہ برسوں میں ہم اپنی آبادی کیلئے اناج پیدا کریں گے، فلسطینیوں پر ظلم کی وجہ سے ہم اسرائیل کو تسلیم نہیں کرتے لیکن انہوں نے ریگستان میں پانی پہنچا کر چیزیں اگائی ہیں۔انہوں نے اسلام آباد میں نیشنل کسان کنوشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسان کنونشن کا مقصد کسانوں کو ڈائریکشن دینا تھا، پاکستان کو بڑے نئے چیلنجز کا سامنا ہے، پاکستان کو فوڈ سیکیورٹی کے چیلنج کا سامنا ہے، گزشتہ سال ہم نے 40 لاکھ ٹن گندم درآمد کی،ہماری آبادی تیزی سے بڑھ رہی ہے، آئندہ برسوں میں ہم اپنی آبادی کیلئے اناج پیدا کریں گے، پاکستان کی ریڑھ کی ہڈی میرے کسان ہیں۔پاکستان کیلئے سب سے بڑا مسئلہ فوڈ سکیورٹی کا ہے، فوڈ سکیورٹی ہی نیشنل سکیورٹی ہے، ہمارے 40 فیصد بچے پوری غذا نہ ملنے کی وجہ سے جسمانی کمزوری کا شکار ہیں، مجھے بتایا گیا کہ فروخت ہونے والا زیادہ تردودھ مضرصحت ہوتا ہے۔ خالص دود ھ کی چیکنگ شروع کی تو دودھ مہنگا ہوگیا، ہمیں خالص دودھ نہیں ملتا، دودھ ٹیسٹ کرنے سے پتا چلا وہ دودھ ہی نہیں ہے، دودھ کو یوریا کے ذریعے واشنگ مشین میں تیار کیا جارہا ہے، ہم نے کبھی گائے بھینسوں کی جین کو تبدیل کرنے کا سوچا ہی نہیں ۔انسان کسی کے سامنے جھکتا نہیں اپنے پاؤں پر خود کھڑا ہوتا ہے، کمزور آدمی جب طاقتور کے سامنے جاتا ہے تو مار کھاتا ہے۔ چھوٹے سے طبقے نے ملک کے وسائل پر قبضہ کرلیا۔ میں جب پڑھ رہا تھا تب تھوڑے سے انگلش میڈیم اسکول تھے، پھرانگلش میڈیم اسکول بننا شروع ہوگئے اور سرکاری اسکولوں کا معیار خراب ہوگیا۔ اسی طرح اسپتالوں کا معیار بھی خراب ہوگیا، انسانی معاشرے میں کمزور طبقے کا خیال رکھا جاتا ہے۔اقتدار میں آنے سے پہلے مدینہ کی ریاست کی نہیں فلاحی ریاست کی بات کرتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ہم بہت ساری فصلیں اگا سکتے ہیں، فلسطینیوں پر ظلم کی وجہ سے ہم اسرائیل کو تسلیم نہیں کرتے لیکن اسرائیل نے ذہن لڑا کرریگستان میں پانی پہنچانے کی ٹیکینک استعمال کی اور چیزیں اگاکر ریگستان کو کہاں سے کہاں پہنچا دیا، پاکستان کو اللہ نے 12موسم دیے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close