موٹروے پر سفر مہنگا، ٹول ٹیکس میں اضافہ کر دیا گیا

کراچی (پی این آئی) موٹروے پر سفر کرنے والے افراد مہنگے سفر کیلئے تیار ہو جائیں،نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے موٹروے ٹول ٹیکس میں اضافہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے موٹر وے ایم نائن پر سفر کرنے والوں کے ٹول ٹیکس میں ‏اضافہ کر دیا ہے۔کار کا فی کلو میٹر 1 روپے 71 پیسے سے ریٹ بڑھا کر 1 روپے 99 پیسے کر دیا گیا جب کہ ویگن ‏کا 2 روپے 85 پیسے سے بڑھا کر 3 روپے 32 پیسے۔کوسٹر اور مزدے کا 4 روپے سے بڑھا کر 4 ‏روپے 67 پیسے فی کلو میٹر مقرر کر دیا گیا ہے۔بس کا 5 روپے 70 پیسے سے بڑھا کر 6 روپے 65 پیسے فی کلو میٹر مقرر کیا گیا ہے۔ ٹرک کا 7 ‏روپے 67 پیسے سے بڑھا کر 8 روپے 95 پیسے فی کلو میٹر مقرر کیا گیا ہے۔ ٹریلر کا 9 روپے 77 ‏پیسے سے بڑھا کر 11 روپے 40 پیسے فی کلو میٹر مقرر کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب گڈز ٹرانسپورٹرز نے ٹول ٹیکس میں اضافے کو مسترد کر دیا۔ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ ڈیزل اور ٹول ٹیکس میں اضافہ واپس نہ لیا گیا تو پورے پاکستان کی مال بردار گاڑیوں کو کھڑی ‏کرکے مال کی ترسیلات بند کر دیں گے۔واضح رہے کہ گزشتہ برس لاہور سے اسلام آباد موٹر وے (M2) پر ایف ڈبلیو او کی جانب سے ہر قسم کی گاڑیوں پر ٹول ٹیکس میں 10 فیصد اضافہ کردیا گیا تھاجس کے بعد گڈز اور مسافر ٹرانسپوٹرز نے شدید رد عمل کا اظہار کیا تھا۔ان کا کہنا ہے کہ ستمبر میں بھی پشاور سے کراچی تک ٹول ٹیکسوں میں اضافہ کیا گیا گیا تھا اور اب ایک بار پھر بغیر کسی کو اعتماد میں لیے غیر معمولی اضافہ کردیا گیا۔ ان کے مطابق کرونا وائرس کی وبا سے متاثر ہونے والے کاروبار مزید بدحال ہوں گے کیونکہ یہ سارا بوجھ عوام پر پڑے گا۔ اس کے علاوہ آئے روز پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا جارہا ہے جو قیمتیں کم ہوئی تھیں اب اس سے بھی زیادہ ہونا شروع ہوگئی ہیں۔گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن نے ٹول ٹیکسوں میں اضافے پر احتجاج کا اعلان کیا ہے اور وزیر اعظم سے اس معاملہ کا نوٹس لے کر اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔ٹول ٹیکس میں اضافے کا نوٹی فکیشن جاری ہونے کے بعد لاہور سے بذریعہ کار وفاقی دارالحکومت جانے والے مسافروں کو 750 روپے کی بجائے 830 روپے ادا کرنے ہوں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close