وفاقی تعلیمی اداروں میں پہلی سے آٹھویں کلاس تک طلبا کو بغیر امتحانات پاس کرنے کا اعلان کر دیا گیا

اسلام آباد(پی این آئی) سرکاری وفاقی تعلیمی اداروں کے پہلی سے آٹھویں کلاس تک کے طالب علموں کو بغیر امتحانات کے پاس کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔ گزشتہ جمعرات کے روز حکومت کی طرف سے جاری ایک نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ پہلی سے آٹھویں جماعت تک کے سائنس پروگرام کے طالب علم تخمینہ امتحان دیں گے۔ ان میں جو طالب علم 55فیصد نمبر لے گا اسے پاس کردیا جائے گا۔باقی تمام بورڈز دسویں، گیارہویں اور بارہویں جماعتوں کے لیے اپنے شیڈول کے مطابق ڈیٹ شیٹ جاری کریں گے۔دوسری طرف وفاقی تعلیمی اداروں کے لیے گرمیوں کے چھٹیوں کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے جس کے تحت 18جولائی سے یکم اگست تک تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔ اس دوران طالب علم سکول نہیں جائیں گے مگر اساتذہ حسب معمول سکول میں حاضر رہا کریں گے۔ اسلام آباد کے نجی سکول 7جون کے بعد سے کھلے ہیں جہاں 50فیصد حاضری کے ساتھ طالب علموں کو پڑھایا جا رہا ہے۔ ان سکولوں میں اساتذہ اور دیگر سٹاف کے لیے کورونا ویکسین لگوانا لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ سکول کے اوقات میں فیس ماسک اور سماجی فاصلے کی پابندی بھی لازمی قرار دئیے گئے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں