پاکستان کسی ملک کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کررہا، شاہ محمود قریشی

اسلام آ باد (آئی این پی ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان ہندوستان اور افغانستان کیساتھ بہترتعلقات چاہتاہے، پاکستان کسی ملک کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کررہا، پاکستان نے دہشت گردی کا خاتمہ کرنے کے دوران ہزاروں جانیں قربان کیں اور بہت بڑی قیمت ادا کی ہے،سفارتی محاذ پر پاکستان کا موقف کشمیر کے حوالے سے واضح ہے، وزیراعظم عمران خان بھی منی لانڈرنگ کا خاتمہ چاہتے ہیں،نہیں چاہتے ہیں کہ منی لانڈرنگ کی اجازت دی جائے،پاکستان کا موقف یہ ہی رہا کہ منی لانڈرنگ نے ملک کو نقصان پہنچایا ہے۔ بدھ کو نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دنیا کے سامنے پاکستان کی سوچ اوربھارت کی سوچ واضح ہوگئی ہے۔ پاکستان ہندوستان اور افغانستان کیساتھ بہترتعلقات چاہتاہے۔ پاکستان کا واضح موقف ہے کہ سب ہمسایوں کے ساتھ اچھے تعلقات سے رہیں۔لیکن پاکستان کی خیرسگالی کا جواب بھارت نے5اگست کے یک طرفہ اقدامات سے دیا اور جس کو کشمیریوں اور پاکستان نے مسترد کیا۔ شاہ محمود نے کہا کہ موجودہ حالات بھارت کے پیدا کردہ ہیں اور کشیدگی کی وجہ بھارت ہے۔ نئی دلی میں کشمیر کانفرنس ناکام ہوگئی اور اس کے شرکا نے بھارتی قیادت کو کہا کہ 5 اگست کے اقدامات واپس لینا ہونگے۔ پاکستان کو ان حالات میں وہاں مداخلت کی ضرورت نہیں اور نہ یہ پاکستان کی پالیسی ہے۔ پاکستان کسی ملک کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کررہا ہے۔ سفارتی محاذ پر پاکستان کا موقف کشمیر کے حوالے سے واضح ہے۔ پاکستان چاہتا ہے کہ کشمیر کا تنازع سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل ہو۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے افغانستان سے متعلق کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن و استحکام چاہتا ہے اور اس کے لیے پیشرفت کی گئی۔ فریقین کو مذاکرات کی میز پر بیٹھا کر کہا تھا کہ معاملات حل کرنے کے لیے کوششیں کریں۔ امریکا بھی یہ کہہ رہا ہے کہ افغانستان کا فیصلہ افغانوں نے کرنا ہے۔دیگر علاقائی ممالک اس مسئلے کے حل کے لیے حمایت کررہے ہیں اور پاکستان اپنے تحفظ کے لیے جو کچھ کرسکتا ہے، وہ کرے گا۔ ایف اے ٹی ایف سے متعلق وزیرخارجہ نے بتایا کہ فیٹف کا تقاضہ ہے کہ منی لانڈرنگ کو قابو کیا جائے۔ وزیراعظم عمران خان بھی منی لانڈرنگ کا خاتمہ چاہتے ہیں اور نہیں چاہتے ہیں کہ منی لانڈرنگ کی اجازت دی جائے۔ پاکستان کا موقف یہ ہی رہا کہ منی لانڈرنگ نے ملک کو نقصان پہنچایا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ فیٹف خود اعتراف کررہا ہیکہ پاکستان نے26نکات پر عمل کردیاہے اور اس کو گرے لسٹ میں رکھنا مناسب نہیں ہے۔ وزیرخارجہ نے مزید کہا کہ فیٹف ٹیکنیکل فورم ہے اور یہ کوئی سیاسی فورم نہیں تاہم بھارت ٹیکنیکل فورم کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کررہا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close