حریم شاہ کی پیپلزپارٹی رہنما سے شادی؟ مرتضیٰ وہاب کا بھی دلچسپ ردِ عمل آگیا

کراچی (پی این آئی) ٹک ٹاکر حریم شاہ کی شادی سے متعلق سوال پر ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے دلچسپ ردِعمل دے دیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کی معروف ٹک ٹاکر حریم شاہ نے پیپلز پارٹی رہنما اور رکن سندھ اسمبلی سے شادی کا اعلان کیا جس کے بعد سے ہی اس معاملے پر بحث چھڑ گئی کہ آخر وہ کون رہنما ہے۔پیپلز پارٹی کے رہنما بھی وضاحتیں دینے پر مجبور ہو گئے ہیں۔حریم شاہ کی رکن سندھ اسمبلی کے ساتھ شادی کی خبریں سندھ اسمبلی کے ایوانوں میں پہنچ گئی ۔ سندھ اسمبلی کے اجلاس میں کسی وزیر نے اسے حریم شاہ کا ذاتی معاملہ قرار دے دیا تو کئی اراکین اسمبلی نے اپنے ہاتھ دکھا کر ہاتھوں میں انگوٹھی نہ ہونے کی تصدیق کروائی۔پیپلز پارٹی کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے بھی حریم شاہ کی شادی سے متعلق دلچسپ ردِعمل دیا ہے۔مرتضیٰ وہاب سے جب حریم شاہ کی پی پی رہنما سے شادی سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے مسکراتے ہوئے اپنے ہاتھ دکھا دئیے۔انہوں نے کیمروں کے سامنے میڈیا نمائندوں کو ہاتھ دکھاتے ہوئے کہا کہ ’ میر ے ہاتھ صاف ہیں‘۔علاوہ ازیں صوبائی وزیر سندھ نے بھی اپنے ہاتھ میڈیا کو دکھاتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کوئی انگوٹھی نہیں پہنی ہوئی۔جبکہ پیپلز پارٹی کی رہنما شہلا رضا نے حریم شاہ کی شادی سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اگر حریم شاہ کی شادی ہوئی ہے تو یہ شرعی بات ہے۔ہمیں حق نہیں پہنچتا ہم اس پر بات کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ میرے علم میں نہیں کہ حریم شاہ نے کس سے شادی کی۔دوسری جانب حریم شاہ کا کہنا ہے کہ وہ جلد شوہر کا نام اور شادی کی تفصیلات کے حوالے سے جلد ہی مداحوں کو آگاہ کریں گی۔حریم شاہ نے حال ہی میں انسٹاگرام پر بھی مبینہ طور پر شوہر کے ساتھ ہاتھوں کی تصویر شئیر کرتے ہوئے خدا کا شکر ادا کیا تھا۔انہوں نے کیپشن میں الحمد اللہ لکھا تھا تاہم ٹک ٹاک اسٹار نے یہ واضح نہیں کیا کہ وہ جن کا ہاتھ تھامے ہوئے ہیں وہ ان کے شوہر ہیں یا کوئی اور۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close