اسلام آباد، راولپنڈی میں پانی کے بحران کا خدشہ

اسلام آباد(آن لائن)جڑواں شہروں اسلام آ باد اور راولپنڈی میں بارشیں نہ ہونے سے پانی کے بحران کا خدشہ پیدا ہو گیا۔ میڈیارپورٹس مطابق دونوں شہروں کو پانی فراہم کرنے والے خانپور ڈیم میں پانی کی سطح خطرناک حد تک گر گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ خانپور ڈیم میں پانی کا لیول کم ہو کر ایک ہزار نو سو اٹھائیس فٹ رہ گیا ہے جب کہ ڈیم کا ڈیڈ لیول ایک ہزار نو سو دس فٹ ہے، صورتحال بہتر نہ ہوئی تو پانی کی سپلائی بند کی جا سکتی ہے۔ یاد رہے کہ چند روز قبل انڈس ریور سسٹم اتھارٹی (ارسا) نے ملک میں پانی کی صورتحال سے متعلق خطرے کی گھنٹی بجائی تھی۔ارسا کے مطابق ملک میں پانی کی فراہمی گزشتہ ہفتے 50 فیصد تک کم ہو گئی تھی اگر صورتحال ایک ہفتے سے زائد تک برقرار رہی تو یہ کمی 30 سے 35 فیصد تک گر سکتی ہے۔ارسا کے اعداد و شمار کے مطابق ملکی دریاؤں کا بہاؤ 13 جون 4 لاکھ 56 ہزار کیوسک تھا جو پیر کے روز 2 لاکھ 3 ہزار کیوسک تک کم ہوگیا یعنی اس میں 50 فیصد کمی ہوئی۔سب سے زیادہ کمی دریائے سندھ میں ریکارڈ کی گئی جو 2 لاکھ 25 ہزار کیوسک سے 97 ہزار 800 ہو گئی۔ارسا ترجمان خالد ادریس رانا نے کہا کہ اتھارٹی نے تربیلا اور منگلا ڈیمز سے اضافی پانی نکالنا شروع کردیا ہے لیکن صوبوں میں کمی کو دور کرنا شروع نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ ارسا صرف آئندہ 10 روز تک اضافی پانی فراہم کرسکتی ہے اگر صورتحال بہتر نہ ہوئی تو پورے ملک کو اس سے چوٹ پہنچے گی۔ #/s#

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close