سیالکوٹ +لاہور (آن لائن) معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے 560ارب کا ترقیاتی بجٹ منظور کیا گیا ہے جو کے صوبہ بھر میں ترقیاتی منصوبوں کے لئے کارساز ثابت ہوگا۔ تاریخی بجٹ کی منظوری پر وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار اور پی ٹی آئی کے اتحادیوں کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ معاون خصوصی نے کہا کہ پلوں، میٹرو ٹرین اور کمیشن والے پراجیکٹس پر فخر محسوس کرنے والی اپوزیشن اپنے دور میں سوشل سیکٹر کے حامی نہیں رہے۔ سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئیانہوں نے کہا کہ گزشتہ حکمران قوم کو جاہل اور ان پڑھ رکھنا چاہتے تھے جبکہ پی ٹی آئی کی حکومت کا منشور ہے کہ ترقیاتی کاموں کے ساتھ صحت و تعلیم کی سہولتوں پر خصوصی توجہ دی جائے۔ رواں سال جاری ہونے والے بجٹ میں ہر ضلع کے ترقیاتی پیکج کے لئے ایک یونیورسٹی بنائی جائے گی جس سے دور دراز علاقوں سمیت شہروں و بستیوں کے مکینوں کو اعلیٰ تعلیم کے مواقعے فراہم ہو سکیں گے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ صحت سہولت سے محروم عوام کیلئے اربوں روپے کا بجٹ دیا ہے۔ صحت کیلئے بجٹ ایلوکیشن کرکے ریاست مدینہ کی بنیاد رکھ دی ہے۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ اب ہسپتال کے باہر ایڑیاں رگڑتے حسرت سے نہیں مرے گا۔ موجودہ حکومت صحت کی معیاری سہوتیں فراہم کرنے کے لئے تمام تر وسائل کو بروے کار لا رہی ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے یونیورسل ہیلتھ پروگرام پر کٹ موشن موو کیا۔ وزیر اعلی سردار عثمان بزدار نے تمام کٹ موشن کو مسترد کرتے ہوئے عوام دوست، کاشتکار اور مزدور دوست بجٹ بھاری اکثریت سے منظور کروایا ہے۔ مزید براں جنوبی وسیب کے بسنے والے شہریوں کی محرومیوں کے ازالہ کیلئے 184ارب روپے کا خصوصی ترقیاتی پیکج دیا ہے۔ جبکہ 34فیصد ترقیاتی بجٹ سے جنوبی وسیب کے زخموں کی مرہم پٹی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ایلوکیشن کی پائی پائی خرچ کی جائے گی۔ بجٹ کی مانیٹرنگ اور درست استعمال کے لئے چیف سیکرٹری کی قیادت میں ایک الگ مانیٹرنگ یونٹ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ پلان آف ایکشن جمع کروانے کی 31جولائی آخری تاریخ دیا ہے۔ معاون خصوصی نے مزید گفتگو میں بتایا ہے کہ ستمبر کے مہینے میں عوامی فلاح کے منصوبے زمین پر ہونگے جس کی نگرانی وزیر اعلی خود کرینگے۔ یہ وہ تبدیلی ہے جس کی بات وزیر اعظم عمران خان نے کی ہے۔ یہ بجٹ عوام کی حالت بدل دے گا۔ دیہی آبادی کی ترقی اور خوشحالی کی بنیاد رکھی جا رہی ہے۔ صنعتی پہیہ چلانے کیلئے انڈسٹریل زون کی بنیاد رکھی گئی ہے۔ سی ایم پورٹل کے ذریعے نوکریاں اور بینک کے زیرہ ریٹ پرکاروباری قرضے دینے جارہے ہیں۔ ان تمام اقدامات سے معیشت کا پہیہ تیزی سے چلے گا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بتایا ہے کہ نوجوان آبادی کو نشے کی لعنت سے دور رکھنے کیلئے صحت مند سرگرمیوں کیلئے ہر ضلع میں ایک سپورٹس کمپلیکس تعمیر کیا جائے گا۔ جبکہ ویمن سپورٹس کے فروغ کیلئے اپنے حلقہ میں ایک خصوصی سپورٹس کمپلیکس تعمیر ہوگا۔ ہر یونیورسٹی میں سپورٹس اور کلچرل کے فروغ لازمی حصہ بنارہی ہے۔ ایس ایم ای کے ذریعے نوجوانوں کے خوابوں کی تکمیل ہونے جارہا ہے۔ عالمی سطح پر عمران خان نے دلیرانہ موقف اختیار کرکے ہرپاکستانی اب سینہ تان کر کہہ سکتا ہم اقبال کے شاہین ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں