جے یو آئی کو’’ فیملی گروپ‘‘ کے چنگل کے چھڑا کر دم لیں گے

زیارت/کوئٹہ ( آن لائن ) جمعیت علماء اسلام پاکستان کو ’’فیملی گروپ‘‘ کے چنگل سے چھڑا کر دم لیں گے اور مفتی محمودؒ کے دور کے دستور کو بحال کرکے انشاء اللہ جمعیت علماء اسلام پاکستان میں دیانتدارنہ انٹراپارٹی انتخابات منعقد کئے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار جمعہ کو زیارت میں جمعیت علماء اسلام پاکستان کے سینئر بانی رہنماؤں مولانا محمد خان شیرانی، حافظ حسین احمد، مولانا گل نصیب خان، مولانا افتخار احمد حقانی، مولانا محمد عالم لانگو، توفیق سارنگزئی، حاجی عبدالصادق نورزئی، مولوی عبدالغنی وغیرہ نے ضلعی رابطہ دفتر کے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جمعیت پاکستان کے رہنماؤں نے مزید کہا کہ ملک میں شفاف انتخابات اور جمہوریت کی بحالی کا مطالبہ کرنے والی سیاسی جماعتیں اپنی جماعتوں کے اندر شفاف انٹراپارٹی انتخابات نہیں کراتی تمام سیاسی جماعتیں موروثیت کی راہ پر چل رہی ہیںاور پارٹی کو اپنے خاندان کی جاگیر بنادیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ جے یو آئی کو موروثی جماعت بنانے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن ہم جمعیت علماء اسلام پاکستان کے اندر موروثیت کے خاتمے اور صاف و شفاف انٹراپارٹی انتخابات کرانا چاہتے ہیں جس کے لیے ہماری جدوجہد جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چوروں کی وکالت کرنے والوں کے چہرے بے نقاب ہوچکے ہیںاور پوری قوم نے ان کو پہچان لیا ہے اب ان کا محاسبہ شروع ہوچکا ہے ، انہوں نے کہا کہ ہمیں خاموش رہنے کے لیے کہا جارہا ہے کیا ہماری خاموشی سے یہ بہتر نہیں کہ دستور پر عمل کیا جائے ،انہوں نے کہا کہ ہم جے یو آئی میں کوئی گروپ نہیں بنا رہے ہم صرف دستور کی بحالی اور شفاف انٹراپارٹی انتخابات اور موروثیت کا خاتمہ چاہتے ہیں

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close