دودھ ، دہی پر ٹیکس؟ حکومت نے فیصلہ سنا دیا

اسلام آباد (پی این آئی) وفاقی حکومت کی جانب سے ایک ہزار سی سی تک کی گاڑیوں اور سونے چاندی پر ٹیکس میں کمی کردی گئی ، وزیر خزانہ شوکت ترین نے ہزار سی سی تک کی گاڑیوں پر ٹیکس میں کمی کا اعلان کیا۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں بجٹ سیشن کے دوران بحث کو سمیٹے ہوئے انہوں نے کہا کہ بجٹ میں 12 ود ہولڈنگ ٹیکس ختم کیے جا رہے ہیں ، اب ہزار سی سی تک کی گاڑی پر ٹیکس کم کیا جائے گا ، سونے اور چاندی پر 17 فیصد ٹیکس کم کرکے ایک سے 3 فیصد کردیا ہے تاہم سونے کی ویلیو ایڈیشن پر 17 فیصد ٹیکس رہے گا جب کہ دودھ ، دہی اور دیگر ڈیری مصنوعات پر ٹیکس واپس لیا جا رہا ہے ، آٹے اور اس سے بنی اشیاء پر بھی کوئی ٹیکس نہیں لگایا گیا۔وزیر خزانہ نے بتایا کہ کنسٹرکشن پیکج سے گروتھ ہوئی، 4 فیصد گروتھ میں کنسٹرکشن انڈسٹری کا بڑا حصہ ہے ، آئی ٹی 6 سے 8 بلین ڈالر کی ایکسپورٹ کرے گی ، اس ضمن میں آئی ٹی سیکٹر کے تمام مطالبات مانے ہیں، ای کامرس ٹیکس ختم کردیا گیا ہے، رجسٹرڈ ای کمپنیوں پر صفر ٹیکس ہوگا اور نان رجسٹرڈ پر 2 فیصد ٹیکس ہوگا ، انڈوں پر بھی ٹیکس ختم کردیا ہے ، میڈیکل آلات پر بھی ٹیکس واپس لے لیا ہے۔وفاقی وزیرخزانہ شوکت ترین نے سرکاری ملازمین کو خوش خبری سناتے ہوئے جی پی فنڈ پر10 فیصد ٹیکس واپس لینے کا اعلان کردیا، انہوں نے بتایا کہ سرکاری ملازمین کے جی پی فنڈ پر لگایا گیا 10 فیصد ٹیکس واپس لے لیا گیا ہے ، سرکاری ملازمین کے میڈیکل بلز، ڈیری مصنوعات اور نابینا افراد کے لیے خصوصی موبائل پر ٹیکس واپس لے لیا ہے ، تاہم حکومت نے موبائل فون پر 5 منٹ سے زائد بات کرنے پر ٹیکس عائد کر دیا ہے ، جس کے تحت موبائل فون پر 5 منٹ سے زیادہ بات کرنے پر 75 پیسے ٹیکس لیں گے لیکن ایس ایم ایس اور انٹرنیٹ پر کوئی ٹیکس نہیں ہوگا ، نابینا افرادکے لیے خصوصی موبائل پر ٹیکس بھی واپس لے لیا گیا ، موبائل فونز پر موجودہ ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح ساڑھے 12 فیصد سے کم کر کے 10 فیصد کردی گئی ہے ، موبائل سروسز پر ودہولڈنگ ٹیکس 8 فیصد تک بتدریج کم کیا جائے گا۔

close