چیف جسٹس آف پاکستان کیخلاف نازیبا کلمات ادا کرنے والے رہنما کو بلاول زرداری نے پارٹی سے ہی نکال دیا

کراچی (پی این آئی) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے پی ایس 92 (114)کراچی کے جنرل سیکریٹری مسعود الرحمن عباسی کی پارٹی کی بنیادی رکنیت اور پی ایس 92 کی جنرل سیکرٹری کے عہدے سے معطل کردیا ہے۔پیپلز پارٹی ایک عوامی اور جمہوری جماعت ہے پارٹی کے کارکن اور عہدیدار پارٹی کے نظم و ضبط کے پابند ہیں۔تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے پارٹی نظم و ضبط کی خلاف ورزی اور غیر ذمہ داران طرز عمل پر پی ایس 92 (114) کے جنرل سیکرٹری مسعود الرحمان عباسی کی پارٹی کی بنیادی رکنیت اور پی ایس میں جنرل سیکرٹری کے عہدے سے انہیں معطل کردیا ہے۔ واضح رہے کہ مسعود الرحمان عباسی کو 3 روز قبل پارٹی کے نظم و ضبط اور ایک تقریب کے دوران غیر ذمہ داران طرز عمل پر شوکاز نوٹس جاری کیا گیا تھا، جس کے جواب میں مسعودالرحمان عباسی نے اپنی سنگین غلطی کو جذباتی ردعمل قرار دے کر اپنی غلطی تسلیم کی تھی۔پیپلز پارٹی کراچی ڈویڑن کے صدر سعید غنی نے ان کے جواب کے بعد ان کی بنیادی رکنیت معطل کرتے ہوئے کہا کہ ایک سیاسی کارکن اور سٹی ایریا کے جنرل سیکرٹری کے عہدے پر تعینات ہوکر اس طرح کی غلطیاں پارٹی کے نظم و ضبط کے خلاف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی عہدیدار پر اس طرح کی جذباتی غلطیاں کرے تو وہ کس طرح پارٹی نظم و ضبط کو برقرار رکھ سکتا ہے۔سعید غنی نے کہا کہ پیپلز پارٹی ایک عوامی اور جمہوری جماعت ہے پارٹی کے کارکن اور عہدیدار پارٹی کے نظم و ضبط کے پابند ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ پارٹی نے مسعود الرحمن عباسی کو ان کی سنگین غلطی اور غیر ذمہ دارانہ طرز عمل پر ان کی پارٹی کی بنیادی رکنیت اور پی ایس 92 کے جنرل سیکرٹری کے عہدے سے معطل کردیا ہے اور انہیں پارٹی کے کسی بھی اجلاس میں شرکت کے لئے نااہل قرار دے دیا ہے اور مسعود الرحمن عباسی آئندہ کسی بھی پارٹی اجلاس میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔یاد رہے کہ پی پی رہنما مسعود الرحمن عباسی نے ایک تقریر کے دوران چیف جسٹس آف پاکستان کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کئے جس پر چیف جسٹس نے از خود نوٹس لیا اور بعد ازاں سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بنچ نے گزشتہ روز سماعت کی اور مسعود الرحمن عباسی سمیت دیگر فریقین کو نوٹسز جاری کیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close