زندگی کی ضمانت د یں، آج ہی نواز شریف کو واپس بلا لیتی ہوں، مریم نواز

اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ یہ سلیکٹڈ وزیراعظم عوام کا نمائندہ نہیں، اس کو عوام پر مسلط کیا گیا ہے،ایٹمی قوت پر بات کرنے کا انہیں کوئی حق نہیں، عمران خان جوہری پروگرام کے رکھوالے نہیں، اس کی کسٹوڈین 22کروڑ عوام ہیں،ایٹمی طاقت بننے کیلئے قوم نے بڑی قربانیاں دی ہیں، ذوالفقار علی بھٹو اور نواز شریف نے اس کیلئے بڑے مسائل کا سامنا کیا، جلا وطنی برداشت کی، جوہری پروگرام اس ملک کی سلامتی کا ضامن ہے، اس پر سلیکٹڈ وزیراعظم کو بیان دینے کا کوئی حق نہیں، یہ لوگ کشمیر کا سودا کر کے آئے ہیں، یہ اپنی گرتی ہوئی حکومت کو بچانے کیلئے این آر او دینے دوسروں کے گھر پہنچ جاتے ہیں، اللہ اس حکومت سے جلد جان چھڑوا دے، مسلم لیگ نون کو نواز شریف لیڈ کریں گے، شہباز شریف پارٹی کے صدر ہیں، نواز شریف جلد پاکستان واپس آئیں گے، اس بات کی ضمانت دیں کہ اگر ان قاتلوں کے ہاتھوں نواز شریف کی زندگی کو خطرہ نہ ہو تو میں آج ہی نواز شریف کو واپس بلا لیتی ہوں۔ بدھ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ جوہر ٹائون دھماکے کی مذمت کرتی ہوں، دھماکے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتی ہوں، دھماکے میں بہت سے پولیس اہلکار شہید ہوئے اپنی ذمہ داریاں کرتے ہوئے شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں، پاکستانی عوام کو ان پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرویز الٰہی اور آصف زرداری کی ملاقات ہو رہی ہے تو ہونے دیں، ایسی ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سلیکٹڈ وزیراعظم عوام کا نمائندہ نہیں، اس کو عوام پر مسلط کیا گیا ہے،ایٹمی قوت پر بات کرنے کا انہیں کوئی حق نہیں، عمران خان جوہری پروگرام کے رکھوالے نہیں، اس کی کسٹوڈین 22کروڑ عوام ہیں،ایٹمی طاقت بننے کیلئے قوم نے بڑی قربانیاں دی ہیں، ذوالفقار علی بھٹو اور نواز شریف نے اس کیلئے بڑے مسائل کا سامنا کیا، جلا وطنی برداشت کی، جوہری پروگرام اس ملک کی سلامتی کا ضامن ہے، اس پر سلیکٹڈ وزیراعظم کو بیان دینے کا کوئی حق نہیں، یہ لوگ کشمیر کا سودا کر کے آئے ہیں، ایٹمی پروگرام نہ ہوتا تو مسئلہ کشمیر کے علاوہ بہت سے مسائل پیدا ہو جانے تھے۔ مریم نواز نے کہا کہ عورت کے لباس کے حوالے سے وزیراعظم کا بیان مجرمانہ سوچ کا عکاس ہے،یہ بات کر کے انہوں نے بتا دیا کہ زیادتی کی ذمہ دار مظلوم ہے جرم کرنے والا نہیں، ایسی سوچ سے پاکستان کو آزادی چاہیے، اس بیان کی بھرپور مذمت کرتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان صاحب کنٹینر پر چڑھ کر کہتے تھے کہ بڑے بڑے منصوبوں سے ترقی نہیں ہوتی، آج نواز شریف کے بنائے ہوئے منصوبوں کو گروی رکھ کر قرضے لینے کی بات ہو رہی ہے، ملک بڑے منصوبے لگانے کیلئے قرضے لیتے ہیں،قرضے لینے کیلئے عوامی منصوبوں کو گروی نہیں رکھتے، نالائق حکومت نے غریب عوام سے دو وقت کی روٹی تک چھین لی ہے، آپ کہتے ہیں کہ موٹرویز اور ایئرپورٹ گروی رکھیں گے، نواز شریف کے بنائے منصوبوں کو گروی رکھ کر قرضہ لینے کی بات کرنا اس بات کا اعتراف ہے کہ نواز شریف نے اس ملک کی ترقی کیلئے بڑے بڑے منصوبے لگائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا زوال 2018میں اس نااہل حکومت کے آنے کے بعد ہوا،قوم کو دیئے گئے قرضوں کا حساب چاہیے کہ یہ کہاں خرچ ہوئے،یہ قرضے اپنی کابینہ میں شامل مافیاز کو نوازنے کیلئے دیئے جا رہے ہیں، رنگ روڈ، آٹااور چینی اسکینڈل آپ کے سامنے ہے، یہ اپنی گرتی ہوئی حکومت کو بچانے کیلئے این آر او دینے دوسروں کے گھر پہنچ جاتے ہیں، اللہ اس حکومت سے جلد جان چھڑوا دے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نون کو نواز شریف لیڈ کریں گے، شہباز شریف پارٹی کے صدر ہیں، نواز شریف جلد پاکستان واپس آئیں گے، اس بات کی ضمانت دیں کہ اگر ان قاتلوں کے ہاتھوں نواز شریف کی زندگی کو خطرہ نہ ہو تو میں آج ہی نواز شریف کو واپس بلا لیتی ہوں۔(اح+س)

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close