ہراسانی کی شکار خاتون شوہر کے ہمراہ وزیراعظم آفس پہنچ گئی، عمران خان ایف آئی اے پر برہم

اسلام آباد(پی این آئی )وزیراعظم عمران خان نے خاتون ہراسانی کیس میں سٹیزن پورٹل پر درج شکایت میں غفلت برتنے پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق خاتون نے ہراسگی کے باعث یونیورسٹی سے نوکری چھوڑکرایف آئی اے سے رجوع کیا، ایف آئی ایافسران کے عدم تعاون کی وجہ سے خاتون نے خودکشی کی مبینہ کوشش کی۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 16 دسمبر 2019 سے 13 جون 2021 تک ایف آئی اے نے شکایت کو مسلسل نظراندازکیا، دوبارشکایت ری اوپن کے باوجود ایف آئی اے نے اپنی ذمہ داری میں کوتاہی برتی۔اعلامیے کے مطابق خاتون اپنے شوہر کے ہمراہ ایف آئی اے کے خلاف شکایت لے کر وزیراعظم آفس پہنچ گئیں جہاں خاتون کی درخواست پر وزیراعظم آفس نے متعلقہ افسران کیخلاف کارروائی کی یقین دہانی کرائی۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم ڈیلیوری یونٹ نے ڈی جی ایف آئی اے کو مراسلہ جاری کردیا، جس میں ہدایت کی گئی ہے کہ معاملے کی تحقیقات کرواکرمتعلقہ افسران کیخلاف کاروائی کی جائے۔وزیراعظم نے سٹیزن پورٹل پر درج شکایت میں غفلت برتنے پر برہمی کا اظہار کیا اور ڈی جی ایف آئی اے کو شفاف انکوائری کیلئے متعلقہ افسران کو معطل کرنیکی ہدایت کی۔وزیراعظم نے ہدایت جاری کی کہ خاتون کو جلد ازجلد ریلیف فراہم کیا جائے۔وزیراعظم کا کہنا تھاکہ کسی بھی شہری کی شکایت پرغفلت برتنے کی اجازت نہیں جانے دی جائے گی۔اعلامیے کے مطابق انکوائری رپورٹ وزیراعظم کو 20 جولائی 2021 کو پیش کی جائے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں