آئندہ حکومت پاکستان پیپلز پارٹی کی ہو گی، سابق گورنر پنجاب نے بڑا دعویٰ کر دیا

کراچی (پی این آئی) سابق گورنر پنجاب سردارلطیف کھوسہ نے دعویٰ کیا کہ آئندہ وفاقی حکومت پاکستان پیپلز پارٹی کی ہو گی۔ نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئیر رہنما اور سابق گورنر پنجاب سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ آنے والی وفاقی حکومت پیپلزپارٹی کی ہوگی جبکہ دیگر صوبوں سمیت پنجاب میں پیپلزپارٹی حکومت بنائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین آصف زرداری کے لاہور میں قیام سے پنجاب میں پارٹی مستحکم ہوگی، پنجاب میں پارٹی میں شامل ہونے کے لیے قطاریں لگ گئیں ہیں۔ قومی اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کے حوالے سے سابق گورنرپنجاب سردار لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹیرینزکے رویے سے ہماری بین الاقوامی طور پربدنامی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسے عمل سے ہمارے نوجوانوں کواچھا پیغام نہیں گیا۔ ہم سب کو مل کر ملک اور قوم کی ترقی کے لیے کام کرنا چاہئیے اور مہنگائی سے نجات حاصل کرنے کے لیے سوچنا چاہئیے۔ واضح رہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری پیپلز پارٹی کو پنجاب میں مضبوط بنانے کے لیے سرگرم ہو گئے ہیں۔ آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی کی جیت کے لیے جنوبی پنجاب کے حوالے سے آصف علی زرداری نے سابق گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود کو جنوبی پنجاب میں پارٹی کو متحرک کرنے کی ہدایات دے رکھی ہیں۔سابق صدر نے مخدوم احمد محمود کو پی ٹی آئی سے مایوس جنوبی پنجاب کے لوگوں سے رابطوں کی ہدایت کر دی جبکہ سابق صدر کے جنوبی پنجاب اور سنٹرل پنجاب کے اہم سیاستدانوں سے بھی رابطے ہوئے ، رابطوں میں آصف علی زرداری کو سیاستدانوں کی جانب سے مثبت جواب دیا گیا۔ اس کے علاوہ جہانگیر ترین گروپ کے کئی اہم رہنما بھی سابق صدر سے رابطوں میں ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close