کراچی (پی این آئی) کینیڈا نے پاکستان پر عائد سفری پابندیاں ختم کر دی، کینیڈین حکام نے قومی ائیرلائن پی آئی اے کو پروازیں بحال کرنے کی ہدایت کر دی۔ تفصیلات کے مطابق بیرون ممالک سفر کرنے سے قاصر پاکستانیوں کیلئے بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے۔ کینیڈا نے پاکستان پر عائد سفری پابندیاں ختم کر دی، جس کے بعد دیگر ممالک کی جانب سے بھی جلد پاکستان پر عائد پابندیاں ختم کرنے کا امکان پیدا ہو گیا۔بتایا گیا ہے کہ پاکستان نے کرونا کی تیسری لہر قابو پا لیا، جبکہ ملک میں کرونا ویکسینشن مہم بھی تیزی سے جاری ہے، اسی باعث کینیڈین حکام نے پاکستان پر عائد سفری پابندیاں ختم کرتے ہوئے پی آئی اے کو کینیڈا کیلئے پروازیں شروع کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔پابندی کے خاتمے کے بعد پاکستان سے کینیڈا کیلئے پہلی پرواز کل 22 جون کو روانہ ہو گی۔ ابتدائی طور پر کراچی، لاہور اور اسلام آباد سے کینیڈا کیلئے ہفتہ وار 3 پروازیں آپریٹ کی جائیں گی، بعد ازاں کینیڈا کیلئے فضائی آپریشن مکمل طور پر بحال کر دیا جائے گا۔کینیڈا جانے کے خواہش مند افراد کیلئے پی آئی اے نے ٹکٹوں کی بکنگ کا بھی آغاز کر دیا ہے۔واضح رہے کہ کینیڈا نے گزشتہ ماہ پاکستان پر عائد سفری پابندیوں میں 21 جون تک توسیع کی تھی۔ اپریل میں عائد کی گئی پابندی کو 21 مئی کو ختم ہونا تھا، تاہم اس پابندی میں 21 جون تک توسیع کر دی گئی تھی۔ اس پابندی کے حوالے سے کینیڈین ایوی ایشن ذرائع نے بتایا تھا کہ یہ پابندی کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے عائد کی گئی۔یہ پابندی تمام کمرشل اور نجی پروازوں پر عائد کی گئی تھی۔ پاکستان کے علاوہ بھارت پر بھی سفری پابندیاں عائد کی گئی تھیں اور اعلان کیا گیا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے شہریوں پر براہ راست کینیڈا آمد پر پابندی ہو گی، لیکن اگر ان ممالک کے شہری کسی تیسرے ملک میں قیام کے بعد کینیڈا آنا چاہیں تو انہیں شرائط پورا کرنے کی صورت میں آمد کی اجازت ہوگی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں