سندھ میں جو پیسہ دیتے ہیں وہ لانچوں سے باہر چلا جاتا ہے اور دبئی سے برآمد ہوتا ہے، فواد چوہدری کے پیپلز پارٹی پر وار

کراچی (پی این آئی) اطلاعات و نشریات کے وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ جو پیسہ سندھ میں دیتے ہیں وہ لانچوں سے باہر چلا جاتا ہے اور دبئی سے برآمد ہوتا ہے، یہ ضروری ہے جو پیسہ حکومت سندھ کو دیں اس کی مانیٹرنگ کی جائے۔اتوار کے روز کراچی پریس کلب میں میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کو دوبارہ یاد دلاتے ہیں کہ آرٹیکل 140 پر عمل کرانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے ریمارکس کے بعد وزیراعلیٰ سندھ کو استعفیٰ دینا چاہئے، کوئی عزت دار بندہ ہوتا تو مستعفی ہوجاتا، سندھ میں آصف زرداری ،فریال تالپور ،ارکان اسمبلی کی زمین کو پانی مل رہا ہے، عام ہاری کو پانی نہیں مل رہا۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی تجاویز پارلیمنٹ میں آنی چاہیے لیکن اپوزیشن لیڈر آل پارٹیز کانفرنس کرنا چاہتے ہیں، پی ڈی ایم کے نام پر بدذائقہ ڈش بنائی ہے، اس کا ایک چمچ یہ چک بھی نہیں سکتے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن ہارنے والا کہتا ہے میں نہیں مانتا، الیکشن متنازع بناتے ہیں، ایک طرف کہتے ہیں ووٹرز کو عزت دو، دوسری طرف پارلیمنٹ کو ٹھوکر مار کر باہر چلے جاتے ہیں، لگتا ہے شہباز شریف کا اپنی پارٹی پر کنٹرول نہیں ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ سندھ میں جمہوریت نہیں، جمہوریت کے نام پر ڈکٹیٹر شپ ہے۔ ہمیں سننا پڑتا ہے کہ وفاقی حکومت کراچی سے جیتی ہے تو سڑکیں کیوں ٹھیک نہیں،ہم جو پیسہ سندھ میں دیتے ہیں وہ لانچوں سے باہر چلا جاتا ہے، ہم سے کہا جاتا ہے کہ پیسے کا پوچھا بھی نہیں جائے، یہ ضروری ہے کہ جو پیسہ سندھ کو دیں اس کی مانیٹرنگ کی جائے۔فود چوہدری کا کہنا تھا کہ ارسا نے کہا ہم مانیٹرنگ کریں گے کہ سندھ میں کتنا پانی داخل ہورہا ہے اور کتنا چوری ہورہا ہے، عام آدمی کی زمین کوپانی نہیں مل رہا، آصف زرداری ،فریال تالپور کی زمین پر پانی کیوں آرہا ہے، پانی چوری خود کر رہے ہیں ذمہ داری وفاق پر ڈال رہے ہیں، بلاول بھٹو کہہ رہے ہیں پنجاب سندھ کا پانی چوری کررہا ہے۔انہوں نے سوال کیاکہ سندھ کے بجٹ میں کراچی کا حصہ کیوں نہیں ہے، سب سے بڑا دعویٰ سندھ حکومت نے کیا کہ پانی چوری ہو رہا ہے، جب پانی چوری کا معلوم کرنا چاہا تو مراد علی شاہ جوتے چھوڑ کر بھاگ گئے، یہ سندھ میں پانی کا حساب بھی نہیں دینا چاہتے۔وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ گھوٹکی میں گیس کے نام پر جتنا پیسہ لیا گھوٹکی کو تو پیرس ہونا چاہئے تھا، مگر مراد علی شاہ اینڈ کمپنی پیسہ کہاں لگا رہی ہے، یہ جناب پیسوں کے ڈھیر پر بیٹھے ہیں۔ سندھ کے سب سے بڑے دشمن یہ خود ہیں، یہ آخری الیکشن تھا جو انہوں نے جیت لیا، اگلے 2023ء کے انتخابات عمران خان خود لیڈ کریں گے، سندھ میں حکومت بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کو کمزور کرنے سے ووٹ کو کمزور کیا جارہا ہے، کیا کبھی آپ نے بلاول اور مریم کے منہ سے ان کی پالیسی سنی ہے، ان دونوں پارٹیوں کا کیا نظریہ ہے، پالیسی کیا ہے، یہ کیا چاہتے ہیں۔ان کاکہنا تھا کہ بجٹ میں ابتدائی طور پر جھگڑا لڑائی ہوئی تھی، لیکن اب معاملات معمول پر آگئے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ پارلیمان کو مضبوط کریں، ہم نے اپنا مسودہ پارلیمنٹ مین جمع کروایا ہے، اپوزیشن کی تجاویز پارلیمنٹ میں آنی چاہئے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ لوگ اپنی کٹ پتلیوں کی مدد سے چیف جسٹس کے خلاف بیان دلوا رہے ہیں۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close