غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر چھ سال کی بلند ترین سطح پر ہیں ،وزیراعظم نے مستحکم معیشت کی بنیاد رکھ دی

لاہورآباد(آئی این پی ) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ ملکی معیشت ترقی کے مرحلے میں داخل ہو گئی ہے جس میں غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر چھ سال کی بلند ترین سطح پر ہیں ،پاکستان میں خطے کے دیگر ممالک کی نسبت تیل کی قیمت سب سے کم ہے ،یورپی یونین نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی شرائط پر عملدر آمد کیلئے پاکستان کی جانب سے کی گئی پیشرفت اور تمام بقیہ اہداف کے حصول کیلئے اقدامات جاری رکھنے بارے عزم کو سراہا ہے۔اپنے ایک بیان میں ہمایوں اختر خان نے کہا کہ معیشت کی ترقی کے حوالے سے مثبت اطلاعات حزب اختلاف پر بجلی بن کر گرتی ہیں۔ عوام اب حقائق سے آگاہ ہو رہے ہیںاس لئے وہ منفی پراپیگنڈے کو کسی خاطر میں نہیں لا رہے جس کی وجہ سے حزب اختلاف کے رہنمائوں کا اضطراب اور بے چینی بڑھ رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین نے ترجیحی تجارت اور جی ایس پی پلس کے تحت ستائیس بین الاقوامی معاہدوں پر مکمل عملدر آمد کے حوالے سے بھی پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی،عالمی ادارے پاکستان کی جانب سے معیشت کی ترقی کیلئے کی جانے والی پیشرفت کو سرا ہا رہے ہیں جبکہ حزب اختلاف والے اپنی انا اور تسکین کے لئے اسے جھٹلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اپنے وژن سے مستحکم معیشت کی بنیاد رکھ دی ہے اور انشا اللہ وہ وقت دور نہیں جب پاکستان دنیا کی مضبوط معیشت والے ممالک کی صف میں شامل ہو گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close