عمرانی حکومت پارلیمنٹ میں حالات سازگار بنانے کی بجائے خراب کرنے پر تلی ہوئی ہے، تمام جماعتیں ملک کو آئین کے مطابق چلانے پر متحد ہیں، حکومتی وزراء نے کھلم کھلا اپوزیشن اراکین پر حملہ کیا

اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) کے رہنما مولانا عبدالغفور حیدری ، نون لیگ کے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ عمرانی حکومت پارلیمنٹ میں حالات سازگار بنانے کی بجائے خراب کرنے پر تلی ہوئی ہے ہماری پارلیمانی تاریخ میں بلوچستان اسمبلی جیسا واقعہ کبھی پیش نہیں آیا، یہ سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا، حکومت نے مرکز میں بھی ایسی ہی حرکتیں کیں، تین دن تک اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو تقریر مکمل نہیں کرنے دی گئی، ہفتہ کو اپوزیشن رہنمائوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماحول سازگار بنانا سب کو ساتھ لے کر چلنا حکومت کی ذمہ داری ہے، عمرانی حکومت پارلیمنٹ میں حالات سازگار بنانے کی بجائے خراب کرنے پر تلی ہوئی ہے، قومی اسمبلی میں ہونے والے گالم گلوچ کے اثرات بلوچستان اسمبلی تک پہنچ چکے ہیں،وزیرداخلہ بکتر بند گاڑی سے اسمبلی کے مین دروازے کو توڑتے ہیں جس کے دوسری طرف ارکان اسمبلی احتجاج کر رہے تھے انہیں زخمی کیا گیا،ان پر شیلنگ کر کے اسمبلی کے تقدس کو پامال کیا گیا، کیا یہ جمہوریت ہے؟کیا ہم قوم کے مسائل حل کرنے کے بجائے عوام کو یہ سب سکھانے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں جمہوری طریقے سے احتجاج کر رہی تھیں لیکن صوبائی حکومت نے تحفظات دور کرنے کے بجائے مظاہرین پر بکتر بند گاڑی چڑھا دی، دروازہ توڑا،ارکان اسمبلی کو اسمبلی میں داخل ہونے سے روکا اور اپنی مرضی کا بجٹ پیش کیا،وفاقی اور صوبائی حکومت کے اس رویے سے جمہوری اقدار کو نقصان پہنچ رہا ہے، پوری دنیا میں پاکستان کا مذاق اڑایا جا رہا ہے،۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان اسمبلی میں جو واقعہ پیش آیا اس کے خلاف سینیٹ اور قومی اسمبلی میں تحاریک لائیں گے اور ایسے واقعات پر روشنی ڈالیں گے،قومی اسمبلی اور بلوچستان کی موجودہ صورتحال اور حکومتی رویے کی مذمت کرتے ہیں، پی ڈی ایم ایسے ہتھکنڈوں کا جراتمندی کے ساتھ مقابلہ کرے گی۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ نون کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ بلوچستان کی تمام جماعتوں کا ایک ہی مطالبہ ہے کہ ملک کو آئین و قانون کے مطابق چلایا جائے، تمام جماعتیں ملک کو آئین کے مطابق چلانے پر متحد ہیں، پارلیمانی روایات کے مطابق بجٹ میں اپوزیشن جماعتیں احتجاج کرتی ہیں، قومی اسمبلی میں جو احتجاج ہوا اس سے کم شدت کا احتجاج پہلے کبھی نہیں ہوا لیکن جو اپوزیشن لیڈر کے ساتھ ہوا اس کی مثال دنیا میں نہیں ملتی، حکومتی وزراء نے کھلم کھلا اپوزیشن اراکین پر حملہ کیا اس واقعہ کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، پریس کانفرنس کے دوران بی این پی(مینگل)کے رہنما آغا حسن مینگل نے کہا کہ بلوچستان اسمبلی کے واقعہ کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، قومی اسمبلی میں شہباز شریف کے ساتھ جو رویہ رکھا گیا وہ جمہوری اداروں کے خلاف بیرونی سازش ہے،بلوچستان میں جنگل کا قانون نافذ ہے، آمرانہ سوچ کے حامل شخص کو بلوچستان کا وزیراعلیٰ بنایا گیا ہے، پر امن اراکین اسمبلی کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا، اپوزیشن جماعتوں اور جمہوریت کے خلاف سازش کی جا رہی ہے۔(اح+س)

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close