اسلام آباد (پی این آئی) پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد سے ہفتہ انیس جون کو موصولہ رپورٹوں میں ملکی وزارت صحت کے تازہ اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ پاکستان کو اس وقت کورونا وائرس کی وبا کی جس تیسری لہر کا سامنا ہے، وہ بظاہر کمزور پڑتی جا رہی ہے۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کووڈ انیس کے مریضوں کی جو 27 نئی اموات رجسٹر کی گئیں، وہ روزانہ بنیادوں پر اس سال مارچ کے مہینے سے لے کر اب تک کی کم ترین تعداد ہے۔پاکستانی حکام کے مطابق کووڈ انیس کی وبا کی تیسری لہر کے دوران ملک میں اب تک جتنے مریض ہلاک ہوئے ہیں، ان کی بہت بڑی اکثریت کورونا وائرس کی برطانیہ میں دریافت ہونے والی تبدیل شدہ شکل یا ایلفا میوٹیشن کا شکار ہوئی تھی۔پاکستان میں اب تک کورونا وائرس کی مجموعی طور پر نو لاکھ سینتالیس ہزار دو سو اٹھارہ انفیکشنز ریکارڈ کیے جا چکی ہیں جبکہ یہ وائرس آج تک اکیس ہزار نو سو چالیس افراد کی موت کی وجہ بھی بن چکا ہے۔اس جنوبی ایشیائی ملک میں پچھلے کئی دنوں سے عوامی سطح پر کورونا ٹیسٹوں کے نتائج مثبت آنے کی شرح بھی بہت کم ہو چکی ہے، جو اس وقت 2.14 بنتی ہے۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کی 991 نئی انفیکشنز ریکارڈ کی گئیں، جبکہ مجموعی طور پر ملک بھر میں جمعے کے دن چھیالیس ہزار دو سو انہتر افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے۔یہ بات بھی اہم ہے کہ پاکستان میں ایک ہفتے کے دوران یہ دوسرا موقع ہے کہ نئے مصدقہ کورونا کیسز کی یومیہ تعداد ایک ہزار سے کم رہی۔پاکستان میں عام شہریوں کو کورونا وائرس کے حملے سے بچاؤ کے لیے ویکسین لگانے کا عمل حال ہی میں مزید تیز ہو گیا تھا۔اب لیکن ایسی رپورٹیں بھی ہیں کہ کئی مقامات پر طبی کارکنوں کو ویکسین کی کمی کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے۔ملک بھر میں قائم دو ہزار سے زائد ویکسینیشن مراکز میں سے تقریباﹰ نصف ملک کے سب سے زیادہ آبادی والے صوبہ پنجاب کے مختلف شہروں اور قصبوں میں قائم کیے گئے ہیں۔مقامی میڈیا کے مطابق پنجاب کے چند بڑے شہروں میں اب کورونا ویکسین کی کمی کی بھی اطلاعات ہیں۔پاکستانی وزارت صحت کے ایک اعلیٰ اہلکار نے خبر رساں ادارے ڈی پی اے کو بتایا، ”ہمیں موجودہ ویک اینڈ پر ویکسین کی نئی سپلائی ملنے کی امید ہے، جس کے بعد اگلے ہفتے کے آغاز پر کورونا ویکسین کی دستیابی کی صورت حال دوبارہ بہتر ہو جائے گی۔پاکستان میں کورونا وائرس کے خلاف ویکسینیشن مہم کا آغاز فروری میں ہوا تھا، اور حکومت نے اپنے لیے ہدف مقرر کر رکھا ہے کہ رواں سال کے آخر تک ملکی آبادی میں سے 70 ملین افراد کی ویکسینیشن مکمل ہو جائے گی۔اب تک 12.7 ملین سے زائد شہریوں کو کورونا ویکسین کا کم از کم ایک ٹیکہ لگایا جا چکا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں