یا اللہ خیر، زمین پھر لرز اٹھی، زلزلے کے جھٹکوں نے لوگوں کو خوفزدہ کر دیا

ژوب (پی این آئی) 2 روز بعد ملک کے کئی علاقے دوبارہ زلزلے سے لرز اٹھے، بلوچستان کے کئی علاقوں میں ہفتے کی شام کو آنے والے زلزلے نے خوف و ہراس پھیلا دیا ۔ تفصیلات کے مطابق ہفتے کی شام کو ملک کے کئی علاقے شدید زلزلے سے بری طرح لرز گئے۔ بتایا گیا ہے کہ بلوچستان کے کئی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، جس کے بعد لوگ خوف و ہراس کا شکار ہو کر گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔اس دوران لوگ مسلسل باآواز بلند کلمہ طیبہ اور اللہ اکبر اللہ اکبر کا ورد کرتے رہے۔بتایا گیا ہے کہ زلزلے کے جھٹکوں کی شدت ضلع ژوب میں زیادہ محسوس کی گئی۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 4 عشاریہ 7 تھی، گہرائی 10 کلومیٹر جبکہ مرکز ژوب سے 82 کلومیٹر دور شمال مشرق کا علاقہ تھا۔ گہرائی کم ہونے کی وجہ سے زلزلے کے جھٹکوں کی شدت زیادہ محسوس کی گئی۔ جبکہ تاحال زلزلے کے باعث کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ واضح رہے کہ 2 روز قبل ملک کے شمالی ریجن میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔ جبکہ گزشتہ کچھ عرصے کے دوران پاکستان مسلسل زلزلوں کی زد میں ہے۔ خاص کر خیبرپختوںخوا کا سوات ریجن آئے روز زلزلوں کی زد میں رہتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں