تنخواہوں اور پنشن میں کتنا اضافہ ہو گا؟ بلوچستان حکومت کا بجٹ بھی پیش ہو گیا

کوئٹہ(پی این آئی) بلوچستان حکومت نے پانچ کھرب 84کروڑ روپے کا بجٹ پیش کردیا ، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں و پنشن میں 10 فیصد اضافہ کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ صوبے میں ہیلتھ کارڈ سکیم کے لیے 5.914 ارب روپے مختص کرنے کی بھی تجویز ہے۔صوبائی وزیر خزانہ ظہور بلیدی نے بجٹ تقریر کرتے ہوئے پیش کیں۔ بلوچستان اسمبلی کا بجٹ اجلاس سپیکرمیرعبدالقدوس بزنجو کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں صوبائی وزیر خزانہ ظہور بلیدی نے بجٹ تقریر کرتے ہوئے کہاکہ کورونا وبا سے نمٹنے کے لیے 3.6 ارب روپے مختص کرنے کی تجویزہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال کے لیے متوازن بجٹ تیار کیا گیا ہے۔صوبائی وزیر خزانہ نے تقریر کرتے ہوئے کہا کہ نئی 2086 ترقیاتی سکیموں کے لیے 76 ارب روپے سے زائد مختص کیے گئے ہیں جب کہ جاری 1525 ترقیاتی اسکیموں کے لیے 112 ارب روپے سے زائد مختص ہیں۔ صوبائی وزیر خزانہ نے کہا کہ بلوچستان حکومت ہیلتھ کارڈ کا اجرا کرنے جارہی ہے۔ انہوں ںے بتایا کہ ہیلتھ کارڈ کے ذریعے 18 لاکھ 75 ہزار خاندانوں کے تمام افراد کو 10 لاکھ روپے تک کا مفت علاج میسر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کی پوری آبادی کو کورونا سے بچاو¿ کی ویکسین لگائی جائے گی۔ظہور بلیدی نے کہا کہ نئے مالی سال میں تمام سرکاری ہسپتالوں میں پرچی سسٹم کو ختم کیا جارہا ہے۔ انہوں ںے کہا کہ مالی سال برائے 2021-22 میں صحت کے شعبے کے لیے 44 بلین سے زائد رقم مختص کی گئی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں