کراچی (پی این آئی) محکمہ تعلیم سندھ نے دسویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات کی تاریخوں کا اعلان کردیا، دسویں جماعت کے امتحان5 جولائی اور بارہویں کے26 جولائی سے شروع ہوں گے، امتحان کا دورانیہ ایک گھنٹہ کم کردیا گیا ہے، امتحانی پرچہ 50 فیصد ایم سی کیوز پر مشتمل ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم سندھ کی اسٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں کمیٹی کے فیصلوں کے پیش نظر دسویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات کی تاریخوں کا اعلان کردیا گیا ہے۔امتحانی تاریخوں اور پرچے کا دورانیہ اور پرچے میں سوالات سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ دسویں جماعت کے امتحان5 جولائی اور بارہویں کے26 جولائی سے ہوں گے۔ اسی طرح نویں اور گیارہویں جماعتوں کے امتحانات دسویں اور ارہویں جماعت کے امتحانات کے بعد منعقد کیے جائیں گے۔امتحانی پرچے 50 فیصد ایم سی کیوز، 30 فیصد مختصر اور20 فیصد طویل جوابات پر مشتمل ہوں گے۔امتحان کا دورانیہ ایک گھنٹہ کم کردیا گیا ہے۔ تین گھنٹے کے دورانیے والا امتحان 2 گھنٹے اور 2 گھنٹے والے امتحان کا دورانیہ ایک گھنٹہ کردیا گیا ہے۔ اسی طرح چوتھی جماعت سے آٹھویں جماعت تک کے امتحانات اسکولوں اپنی سہولت کے تحت لینے کی اجازت ہے۔ سندھ ٹیکنیکل بورڈ میں دسویں جماعت کے امتحان 6 جولائی اور بارہویں کے27 جولائی سے شروع ہوں گے۔دوسری جانب لاہور سمیت پنجاب بھر کے سرکاری سکولوں میں پہلی سے آٹھویں جماعت کے امتحانات کا آغاز ہوگیا، رواں سال 80 لاکھ سے زائد طلبا امتحان دیں گے۔ تفصیلات کے مطابق کورونا کے باعث پچاس فیصد بچوں کا ایک روز اور پچاس فیصد کا اگلے روز امتحان لیا جائے گا۔ امتحانات کا سلسلہ 30 جون تک جاری رہے گا اور بچوں کے نتائج کا اعلان 10 جولائی کو کیا جائے گا۔امتحانات سخت ایس او پیز کے تحت لیے جائیں گے ایس او پیز کیخلاف ورزی پر متعلقہ ہیڈز کیخلاف کاروائی ہوگی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں