طلبا کی شامت آگئی، تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات نہیں ہوں گی، اعلان کر دیا گیا

کراچی(پی این آئی)اس سال سندھ کے سکولوں میں موسم گرما کی تعطیلات نہیں ہوں گی۔ صوبائی حکومت نے فیصلہ سنا دیا۔ ڈیلی پاکستان گلوبل کے مطابق گزشتہ روز صوبائی سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی سٹیئرنگ کمیٹی کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں فیصلہ کیا گیا کہ چونکہ کورونا وائرس کی وباء کی وجہ سے رواں سال پہلے ہی سکول بہت زیادہ بند رہ چکے ہیں لہٰذا اس سال گرمیوں کی چھٹیاں نہیں کی جائیں گی۔ رپورٹ کے مطابق اس میٹنگ کی سربراہی صوبائی وزیرتعلیم سعید غنی نے کی۔میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ اگر گرمی کی شدت بہت زیادہ بڑھتی ہے تو اس فیصلے پر نظرثانی کی جاسکتی ہے۔ اس کے علاوہ میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبے میں نویں اور گیارہویں جماعتوں کے امتحانات بالترتیب جولائی اور اگست میں لیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ فیصلہ کیا گیا کہ 10ویں اور 12ویں جماعتوں کے امتحانات کے نتائج امتحانات کے 45دن بعد جاری کیے جائیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں