نیپرا نے بجلی صارفین کو بڑی خوشخبری سنا دی، شاندار ریلیف دیدیا گیا

اسلام آباد (پی این آئی) نیپرا نے صنعتی صارفین کیلئے بجلی نرخوں کے رعایتی پیکج میں توسیع کردی ہے، پیکج کے تحت حکومت صنعتی صارفین کو سبسڈی دے گی، بجلی کےرعایتی پیکج کی توسیع 30 جون 2022 تک ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق نیپرا نے صنعتی صارفین کیلئے بجلی نرخوں کے رعایتی پیکج میں توسیع دینے سے متعلق فیصلہ دے دیا ہے۔پاورڈویژن نے پیکج میں توسیع کیلئے گزشتہ ماہ درخواست دی تھی۔نیپرا نے فیصلہ وفاقی حکومت کی درخواست پرجاری کیا۔ فیصلے کے تحت30 جون 2022 تک بجلی کے رعایتی پیکج استعمال کرنے میں توسیع دے دی ہے۔ رعائتی پیکج کے ذریعے حکومت صنعتی صارفین کو سبسڈی دے گی۔ رعایتی پیکج سے ملک میں صنعتی سرگرمیوں کو فروغ ملا۔ فیصلے کا اطلاق کے الیکٹرک سمیت تمام ملکی صنعتوں پرہوگا۔ دوسری جانب نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی(نیپرا)نے ماہانہ اورسہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مہنگی کرنے پر فیصلہ موخر کردیا۔کے الیکٹرک نے بجلی 6 روپے 31 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست دائر کرتے ہوئے کہا تھا کہ جنوری تا مارچ 2021 کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹس کی مد میں بجلی 5 روپے 95 پیسے اور جنوری تا مارچ 2021 کی سہ ماہی سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کیلئے بجلی 36 پیسے فی یونٹ مہنگی کی جائے۔نیپرا نے کے الیکٹرک کی درخواست پر فیصلہ موخر کر دیا اور جولائی میں دوبارہ سماعت ہو گی جس میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی نے کہاکہ یہ بوجھ بہت زیادہ ہے اس سے صارفین متاثر ہوں گے، مئی اور جون کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی درخواستیں بھی جمع کرائیں، مئی جون کی ایڈجسٹمنٹس سے صارفین پر کم بوجھ پڑے گا۔کے الیکٹرک نے اپنی درخواست میں کہا تھا کہ جنوری 2021 کی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 1 روپے 97 پیسے، فروری2021 کی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 2 روپے 49 پیسے اور مارچ 2021 کی ایڈجسٹمنٹ کیلئے بجلی کی قیمت میں 1 روپے 49 پیسے اضافہ کیا جائے۔ کے الیکٹرک نے اپریل 2021 کی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں 86 پیسے کمی کی استدعا بھی کی تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close