اسپیکر قومی اسمبلی نے ہنگامہ آرائی میں ملوث ارکان کی ایوان میں داخلے پر پابندی لگا دی

اسلام آباد(آئی این پی)اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ہنگامہ آرائی میں ملوث ارکان کی ایوان میں داخلے پر پابندی لگا دی، مسلم لیگ(ن)اور پی ٹی آئی کے 3،3 جبکہ پیپلزپارٹی کے ایک رکن کی ایوان میں داخلے پر پابندی لگائی گئی، مسلم لیگ(ن)اور پیپلز پارٹی کے ارکان نے سپیکر کے احکامات ماننے سے انکار کر دیا اور پابندی کے باوجود ایوان میں موجود رہے ۔بدھ کواسپیکر قومی اسمبلی اسد نے ایوان میں ہنگامہ آرائی اور غیر پارلیمانی زبان استعمال کرنے والے اراکین قومی اسمبلی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے حدود میں داخلے پر پابندی لگا دی،یہ پابندی اگلے احکامات تک رھے گی۔اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق اسپیکر نے یہ کاروائی قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے تحت ان کو تفویض کی ہے۔جن اراکین پر پابندی لگائی گئی ہے ان میں علی نواز اعوان، عبدالمجید خاں، فہیم خان، شیخ روحیل اصغر، علی گوہرخان، چوہدری حامد حمید اور آغا رفیع اللہ شامل ہیں،قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب اس سلسلے میں متعلقہ اراکین اور اسمبلی سیکورٹی کو احکامات جاری کردیئے، دوسری جانب بدھ کو پابندی کے باوجود مسلم لیگ کے رکن شیخ روحیل اصغر اور پیپلزپارٹی کے آغا رفیع اللہ اجلاس شروع ہونے سے قبل ایوان میں موجود رہے، اس موقع پر سارجنٹ آف آرمز نے ایوان سے باہر جانے کی درخواست کی جس پر انہوں نے ایوان سے باہر جانے سے انکار کر دیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں