موٹروے پولیس کا ایچ آئی ڈی لائٹس استعمال کرنیوالوں پر جرمانہ عائد

اسلام آباد(آئی این پی)شہریوں نے موٹروے چوک، چونگی نمبر 26 اور روا ت کے علاقے میں ٹریفک کی بھیڑ اورغیر قانونی پارکنگ کی خلاف ورزیوں، لین کی خلاف ورزیوں، بھاری گاڑیوں (خاص طور پر ڈمپر) کے ذریعہ ٹریفک کی رکاوٹ اور موٹر ویز اور ہائی ویز پر ہائی انٹینسٹی ڈسچارج (ایچ آئی ڈی / ایل ای ڈی) لائٹس کے غیر قانونی استعمال کے بارے میں پاکستان سٹیزن پورٹل پر متعدد شکایات درج کیں۔پاکستان سٹیزن پورٹل پر آنے والی شکایات کے پیش نظر نیشنل ہائی ویز اور موٹر وے پولیس نے عوام کو محفوظ اور بلا تعطل سفر ی سہولیات فراہم کرنے کے لئے مذکورہ بالا خلاف ورزیوں کو روکنے کے لئے خصوصی مہم کا آغاز کیا۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ پاکستان سٹیزن پورٹل پر موصول ہونے والی دیگر بیان کردہ شکایات کا پہلے ہی ازالہ کیا جاچکا ہے۔ ایچ آئی ڈی / ایل ای ڈی لائٹس کے غیر قانونی استعمال کے خلاف نہ صرف خصوصی مہم کا انعقاد کیا گیا بلکہ انفورسمنٹ مہم کے دوران عمل نہ کرنے والے ڈرائیورز کے خلاف قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی گئی۔ گاڑیوں میں ایچ آئی ڈی لائٹس کے غیر قانونی استعمال اور ٹریفک کی خلاف ورزیوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا ہے۔ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے ملک بھر میں موٹر ویز اور نیشنل ہائی ویز پر گاڑیوں میں ایل ای ڈی / ایچ آئی ڈی لائٹس کے استعمال اس کے نقصانات اور انفورسمنٹ کے حوالے سے مہم پر خصوصی توجہ دی۔مہم کے دوران نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹرویز نے ملک بھر میں ایل ای ڈی / ایچ آئی ڈی لائٹس کے غیر قانونی استعمال کرنے والے37,583 ڈرائیوروں کو 20 ملین جرمانہ عائد کرتے ہوئے 3592 گاڑ یوں کو ٹول پلازوں سے واپس بھیج دی گئیں اور مختلف گاڑیوں سے 11610 ایل ای ڈی / ایچ آئی ڈی لائٹس اتار دی گئیں۔ نیشنل ہائی ویز اور موٹر وے پولیس موٹرویز اور قومی شاہراؤں پر ٹریفک قوانین کے سخت نفاذ اور روڈ سیفٹی ایجوکیشن کے ذریعہ عوام کی سہولت کے لئے پرعزم ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں