قومی اسمبلی میں شدید ہنگامہ آرائی، ملیکہ بخاری کی بائیں آنکھ کا قرنیہ زخمی ، آنکھ ضائع ہونے کا خدشہ

اسلام آباد (پی این آئی)وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ ملیکہ بخاری پر اپوزیشن حملے سے بائیں آنکھ کا قرنیہ زخمی ہوا ہے۔ اپنے ٹویٹ میں وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ ڈاکٹر کے مطابق ملیکہ بخاری پر اپوزیشن کی جانب سے حملہ کے باعث ان کی بائیں آنکھ کا قرنیہ زخمی ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کیسے لوگ ہے جو پوری قیادت سمیت ایسے حملوں اور رویوں کو پروان چڑھا رہے ہیں،خواتین کی عزت اور تقدس کا بھی انہیں کوئی خیال نہیں۔ ذرائع کے مطابق آنکھ کا قرنیہ زخمی ہونے کی وجہ سے ملیکہ بخاری کی آنکھ ضائع ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔واضح رہے گزشتہ روز قومی اسمبلی اجلاس میں ہنگامہ آرائی کے دوران تحریک انصاف کی رکن اسمبلی ملیکہ بخاری زخمی ہوگئیں۔قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی تقریر کے دوران وفاقی وزراء سمیت حکومتی ارکان نے ہنگامہ آرائی کی۔ وفاقی وزراء اور حکومتی ارکان شہباز شریف کی تقریر کے دوران بجٹ دستاویزات کو ڈیسک پر مارتے رہے، سیٹیاں بجائیں اور ہوٹنگ بھی کی۔اس دوران حکومتی اور اپوزیشن ارکان کی جانب سے ایک دوسرے پر بجٹ کی کاپیاں ایک دوسرے پر پھینکی گئیں۔ اس دوران پی ٹی آئی کی رکن اسمبلی ملیکہ بخاری چہرے پر کتاب لگنے سے زخمی ہوگئیں۔ اس کے علاوہ کتابیں اچھالنے کے عمل میں سیکیورٹی اسٹاف بھی زخمی ہو گیا اس حوالے سے وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہاکہ ملیکہ بخاری کی آنکھ پر بجٹ کی کتاب ماری گئی ہے جس سے ان کی آنکھ زخمی ہوگئی تاہم آنکھ کے ضائع ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے انہوںنے کہاکہ (ن) لیگ اراکین اسمبلی کو خواتین کی عزت اور آبرو کا بھی کوئی احساس نہیں ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں