پریشان نہ ہوں، متحدہ عرب امارات جانے کے خواہشمندوں کو پی آئی اے نے بڑی خوشخبری سنا دی

دُبئی(پی این آئی) متحدہ عرب امارات جانے سے قاصر محنت کش پاکستانی پریشان نہ ہوں، امارات کیلئے پی آئی اے کی پروازوں کے جلد آغاز کی خوشخبری سنا دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات میں تعینات پاکستانی سفیر افضل محمود کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پاکستان پر عائد سفری پابندیاں ختم کروانے کیلئے اماراتی حکام سے بات چیت جاری ہے، جلد مثبت پیش رفت ہوگی۔پاکستان سفیر کا کہنا ہے کہ جلد پی آئی اے کو متحدہ عرب امارات کیلئے پروازیں آپریٹ کرنے کی اجازت مل جائے گی۔ واضح رہے کہ اماراتی سول ایوی ایشن نے پاکستان سمیت دیگر ممالک سے چارٹرڈ فلائٹس سے آنے والے مسافروں پر نئی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ اماراتی جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے جو نیا سرکلر جاری ہوا ہے، اس کے مطابق تمام مسافروں کو امارات پہنچنے کے فوراً بعد 14 روز قرنطینہ میں گزارنے ہوں گے۔ان افراد کو قرنطینہ کے دوران کم از کم 10روز ٹریکنگ ڈیوائس بھی پہننا ہو گی۔یہ ڈیوائسز شارجہ، ابوظبی اور راس الخیمہ ایئرپورٹ پر اترنے والے مسافروں کودی جا چکی ہیں۔ خلیج ٹائمز کے مطابق پاکستان ، بھارت، نائیجیریا، نیپال اور یوگنڈا سے چارٹرڈ فلائٹس کے ذریعے آنے والے مسافر پہنچتے ساتھ ہی پی سی آر ٹیسٹ کروائیں گے۔ پھر قرنطینہ کے چوتھے روز اور پھر آٹھویں روز بھی پی سی آر ٹیسٹ کروانے لازمی ہوں گے۔جبکہ ان ممالک سے دُبئی آنے والوں کو 10 روز آئسولیشن میں اور گزارنے کے ساتھ پی سی آر ٹیسٹ بھی کروانا ہوگا۔ واضح رہے کہ اماراتی حکام نے پاکستان سے آنے والی پروازوں پر عائد پابندی کی مُدت میں ایک بار پھر توسیع کر دی ہے۔ چند روز پہلے حکام نے پاکستانی مسافروں کے امارات واپسی پر عائد پابندی کی مُدت میں 30 جون تک کی توسیع کی تھی تاہم اب نئے اعلان کے مطابق یہ پابندی بڑھا کر7جولائی تک کر دی گئی ہے۔اتحاد ایئر کی ویب سائٹ پر بتایا گیا ہے کہ پاکستان سے امارات واپسی پر عائد پابندی میں 7 جولائی کے بعد مزید توسیع بھی ہو سکتی ہے۔ جس کی وجہ سے پاکستان میں پھنسے ہزاروں اماراتی ویزہ ہولڈرز کی اگلے ایک ماہ تک واپسی نہیں ہو سکے گی۔ اس فیصلے نے ہزاروں پاکستانیوں کو مایوس کر دیا ہے۔ کیونکہ امارات جلد واپسی نہ ہونے سے ان کی نوکریاں خطرے میں پڑ گئی ہیں۔جبکہ کئی پاکستانیوں کے امارات میں تعلیم کا سلسلہ بھی متاثر ہو رہا ہے۔یو اے ای ایوی ایشن حکام نے 7 جولائی تک توسیع کا جو حکم نامہ جاری کیا ہے اس کے مطابق یہ پابندی پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش، نیپال، سری لنکا، نائجیریا اور جنوبی افریقہ سے آنے والے مسافروں پر لگائی گئی ہے۔ امارات کی جانب سے 12 مئی سے پاکستان کے علاوہ بنگلہ دیش، سری لنکا اور نیپال سے آنے والی مسافر پروازوں پر بھی عائد کی گئی تھی۔جس کی وجہ ان ممالک میں کورونا کیسز بڑھنا بتائی گئی تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close