کراچی (پی این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے تنخواہ دار طبقے پر 150ارب روپے کا انکم ٹیکس لگانے کا انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ(آئی ایم ایف ) کا مطالبہ مسترد کردیا۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ وفاقی بجٹ میں ملکی تاریخ کی سب سے زیادہ کرپٹ حکومت نے سب سے زیادہ ٹیکس لگائے ہیں اورعوام کی جیبوں پر اربوں روپے کا ڈاکہ ڈالنے کی منصوبہ بندی کرلی گئی،حکومت نے پنشن اور پروویڈنٹ فنڈز پر بھی 10فیصد ٹیکس لگانے کی تیار کرلی۔پی پی چیئرمین نے کہا کہ حکومت اخباری صنعت سے وابستہ افراد کے سفری الاؤنسز پر ٹیکس لگارہی ہے،ہوٹل ملازمین کو اب دوران ملازمت ٹیکس فری کھانا نہیں ملے گا،تعلیمی اداروں کے ملازمین اپنے بچوں کو رعایتی اور مفت تعلیم نہیں دلاسکیں گے۔ٹیکس استثنیٰ ختم ہونے کے بعد ہسپتال ملازمین کا مفت یار عایتی علاج نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ تنخواہ دار طبقے کے میڈیکل الاؤنسز کے خاتمے کی کوششیں عوام دشمنی کی انتہا ہے،ریاست مدینہ کا نعرہ لگاکر عمران خان نے ماضی کے ظالم بادشاہوں کی سلطنت قائم کرلی ہے۔عوام کا خون نچوڑ کر اشرفیہ کی عیش پرستی کا سامان پیدا کیا جارہا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں