اسلام آباد (پی این آئی) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وفاق میں حکمران جماعت تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل واوڈا کے خلاف نااہلی کی درخواستوں پر سماعت میں اُن کے وکیل کو پیش ہونے کا آخری موقع دے دیا ہے۔ الیکشن کمیشن میں ممبر پنجاب الطاف ابراہیم قریشی کی سربراہی میں تین رکنی کمیشن نے سینیٹر فیصل واوڈا کے خلاف نا اہلی کی درخواستوں پر سماعت کی۔ سینیٹر فیصل واوڈا کے خلاف درخواست گزار میاں محمد آصف کے وکیل رشید اے رضوی نے درخواست کی کہ فیصل واوڈا نے تین سال ہائی کورٹ میں ضائع کیے پھر استعفیٰ دے کر سینیٹر بن گئے، الیکشن کمیشن مناسب سمجھے تو ہماری درخواست کو الیکشن ٹربیونل بھیج دیا جائے۔ سماعت کے دوران سینیٹر فیصل واوڈا کے وکیل کی طرف سے عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ وہ کراچی میں ہونے کے باعث پیش نہیں ہو سکتے۔ اس موقع پر الیکشن کمیشن ممبر پنجاب الطاف ابراہیم نے فیصل واوڈا کے وکیل کو پیش ہونے کے لیے آخری موقع دیتے ہوئے کہا کہ اس کے بعد الیکشن کمیشن کوئی تاریخ نہیں دے گا۔ الیکشن کمیشن نے فیصل واوڈا کے خلاف نااہلی کی درخواستوں پر مزید سماعت 8 جولائی تک ملتوی کردی۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں