لاہور (پی این آئی)ن لیگ کے 15 باغی اراکین نے حکومت کو بجٹ پاس کروانے کی یقین دہانی کروائی، ن لیگ کے اراکین کی گورنر پنجاب چوہدری سرورسے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹیلی ویژن چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی و تجزیہ کار عارف حمید بھٹی نے دعویٰ کیا کہ ن لیگ کے 15 اراکین نے گورنر پنجاب چوہدری سرورسے ملاقات کی۔انہوں نے کہا کہ اِن 15 اراکین کی جانب سے گورنر پنجاب چوہدری سرورس کو یقین دہانی کروائی گئی کہ حکومت کی جانب سے جب بجٹ پیش کیا جائے گا تو وہ حکومت کے حق میں ووٹ دیں گے اور بجٹ پاس کروانے میں حکومت کی مکمل مدد کریں گے۔ سینئر صحافی عارف حمید بھٹی نے مزید انکشاف کیا کہ ن لیگ کے یہ اراکین دراصل اپنی جماعت سے باغی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اِن باغی اراکین کا تعلق آپ چاہے شہباز شریف سے جوڑ دیں یا پھر مریم نواز سے لیکن ایک بات میں باوثوق انداز میں کہہ سکتا ہوں کہ یہ لوگ ن لیگ سے بغاوت کر چکے ہیں اور انہوں نے تحریک انصاف کی پنجاب حکومت کا بجٹ پاس کروانے میں کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ لاہور کے بھی ایک ایم پی اے شامل ہیں، جنہوں نے چوہدری سرور کو بجٹ پاس کروانے میں مدد کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ واضح رہے کہ اپوزشین کے شدید احتجاج کے باوجود پنجاب کا آئندہ مالی سال2021-22 کا بجٹ پیش کردیا گیا ہے، صوبے کے بجٹ کامجموعی حجم2ہزار653 ارب ہے بجٹ میں ٹیکس وصولیوں کا تخمینہ241ارب روپے لگایاگیاہے جب کہ آئندہ مالی سال کے لیے سالانہ ترقیاتی بجٹ کا حجم 560 ارب رکھا گیا ہے جس کا 35 فیصد جنوبی پنجاب کیلئے مختص ہو گا جبکہ سالانہ ترقیاتی بجٹ میں لاہور کیلئے 62 ارب روپے کا ترقیاتی پیکج تجویز کیا گیا ہے. صوبائی بجٹ میں آئندہ مالی سال میں 2 کھرب 65 ارب روپے جاری ترقیاتی اسکیموں جب کہ ایک کھرب 30 ارب روپے نئے ترقیاتی منصوبوں کیلئے مختص کئیے گئے ہیں،سالانہ ترقیاتی پروگرام میں صحت کے لیے سب سے زیادہ رقوم مختص کرنے کی تجویز ہے ، ا سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر و میڈیکل ایجوکیشن کیلئے 100 ارب، پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کئیر کیلئے 41 ارب 66 کروڑ مختص کرنے کی تجویز ہے. پنجاب حکومت نے وفاق کے نقش قدم پر چلتے ہوئے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10فیصد اضافہ کی تجویزپیش کی ہے جبکہ گریڈ ایک سے19 کے 7لاکھ 21 ہزارسے زائد سرکاری ملازمین کے اسپیشل الاؤنس میں 25فیصد اضافے کی تجویزبھی شامل ہے واضح رہے کہ تحریک انصاف کی حکومت قائم ہونے کے بعد سے گریڈ ایک سے 19کے وہ ملازمین ہیں جن کیلئے پہلے الاؤنس میں اضافہ نہیں ہواتھا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں