ٹوٹے بازو کیساتھ اپنی ڈیوٹی سرانجام دینے والے ٹریفک اہلکار سے وزیراعظم عمران خان متاثر، ملاقات کیلئے خصوصی طور پر بلوایا

اسلام آباد (پی این آئی) وزیراعظم عمران خان نے دوران ڈیوٹی بازو ٹوٹنے کے باوجود ڈیوٹی دینے والے ٹریفک اہلکار کی حوصہ افزائی کیلئے وزیراعظم ہاؤس بلاکر شاباش دی۔تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان نے اسلام آباد ٹریفک پولیس میں ہیڈ کانسٹیبل قیصر شکیل کو دورانِ ڈیوٹی زخمی ہونے کے باوجود اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کرنے پر وزیرِ اعظم ہاؤس بلا کر حوصلہ افزائی کی اور شاباش دی۔بتایا گیا ہے کہ قیصر شکیل 9 جون کو زخمی ہوئے اور دو دن کے میڈیکل ریسٹ کے بعد 11 جون کو دوبارہ ڈیوٹی پر واپس آگئے تھے، فرض شناسی کی اس عمدہ مثال پر وزیرِ اعظم نے اہلکار کو انعام دینے کا بھی اعلان کیا ، وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ قیصر شکیل کی فرض شناسی دیگر سرکاری اہلکاروں کے لئے بھی قابل تقلید مثال ہے ، مجھے بہت خوشی ہوئی جب میں نے دیکھا کہ جس طرح سے لوگوں نے آپ کی تعریف کی ، کیوں کہ اس طرح کے واقعات سے پولیس کا مثبت تاثر سامنے آتا ہے ، جب ایک آدمی عوام کیلئے اس طرح سے کھڑا ہوتا ہے اور اپنی قربانی دیتا ہے تو اس سے ساری پولیس کا امیج بہتر ہوتا ہے ، اسی وجہ سے میں نے خاص طور پر آپ کو مبارکباد دینے کے لیے بلایا تھا ، کیوں کہ ہم سب کو اس سے بہت خوشی ہوئی اس بہادری پر ہم آپ کو انعام بھی دیں گے۔اسلام آباد ٹریفک پولیس کے ہیڈ کانسٹبل قیصر شکیل نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد گفتگو میں بتایا کہ 9 جون کو ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھے ہوئے تھا کہ اس دوران ون وے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک سوزوکی آئی اس کو میں نے روکا تو پیچھے سے ایک موٹر سائیکل نے مجھے ہٹ کیا ، جس کی وجہ سے میرا بازو متاثر ہوا، جس کی وجہ سے مجھے میڈیکل ریسٹ ملی جو میں نے صرف 2دن ہی گزاری اور دوبارہ ڈیوٹی پر آگیا ، ہم تو اپنے جذبے کے ساتھ ڈیوٹی کرتے ہیں کہ ہم نے رزق ہلال کمانا ہے ، میرا وزیراعظم 20 گھنٹے ڈیوٹی کر رہا ہے اور لوگوں کی خدمت کر رہا ہے تو میرا بھی فرض ہے کہ میں فرض میں کوتاہی نہ کروں ، اسی جذبے کے تحت میں دوباری ڈیوٹی پر آگیا ہوں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close