فواد چوہدری کو لوٹائے اعظم کہا جائے تو غلط نہ ہوگا

کراچی(آئی این پی ) سندھ حکومت کے ترجمان بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کے خلاف بات کرکے فواد چوہدری کی نوکری پکی نہیں ہونی ہے، فواد چوہدری کو لوٹائے اعظم کہا جائے تو غلط نہ ہوگا۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کی پریس کانفرنس پر اپنے ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا پی ٹی آئی نے جو ملک اور عوام کی حالت کی ہے وہ کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔آپ کی نااہل حکومت نے حقیقت میں عوام کی چیخیں نکلوا دی ہیں۔پیپلزپارٹی محب وطن جماعت ہے جس نے ملک اور جمہوریت کے لئے اپنی قیادت کی قربانیاں دیں۔فواد چوہدری حب الوطنی کا درس کسی اور کو دیں۔ سندھ حکومت کے ترجمان نے کہا کہ آپ کی نااہل حکومت جھوٹ اور یوٹرن کے سہارے کھڑی ہے۔ سندھ کے لئے سلیکٹیڈ حکومت کی منافقانہ اور غیر منصفانہ پالیسیاں یہاں کی عوام اچھی طرح جانتے ہیں۔ سندھ کا پانی کسی اور نے نہیں وفاق اور پنجاب نے روکا۔سندھ میں بدین، ٹھٹھہ، عمر کوٹ، جامشورو، گھارو اور دیگر علاقوں کی زمینیں آپ نے بنجر کیں۔ بیرسٹر مرتضی وہاب کا کہنا تھاکہ لاکھوں ایکڑ اراضی پر کھڑی فصلیں آپکی نااہل حکومت کی غیر منصفانہ پالیسیوں کی بھینٹ چڑھائی گئیں۔نفرت کی سیاست کرکے شیرو بریگیڈ ملکی عوام کو تقسیم کررہے ہیں۔ جناب نے ملک کی کوئی پارٹی نہیں چھوڑی جسکی کرائے کی ترجمانی نہ کی ہو۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close