نواز شریف اور شہبازشریف کے بیانیے میں کیا فرق ہے؟ سینئر لیگی رہنما پرویز رشید نے حقیقت بتادی

شیخوپورہ (پی این آئی)مسلم لیگ (ن)کے مرکزی رہنما اورسابق وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ نواز شریف کے بیانیہ کی بے جا مخالفت کی بجائے اس پر سنجیدگی سے غور کرنیکی ضرورت ہے ,یہ بیانہ کسی ادارہ کیخلاف نہیں بلکہ ملک وقوم،جمہوریت،آئین وقانون کی بالادستی،عدلیہ اور میڈیا کی بالادستی کا بیانہ ہے, جس کو آج تمام اپوزیشن جماعتیں تسلیم کررہی ہیں, نواز شریف اور شہباز شریف کابیانہ ایک ہے تاہم بات کرنے کا انداز مختلف ہوسکتا ہے, اس کو اختلاف یاگروپ بندی کا نام نہیں دیا جاسکتا، جس طرح ڈسکہ کے عوام نے ووٹ چوری کیخلاف سیسہ پلائی دیوار بن کر مقابلہ کیا، اسی طرح اب پنجاب کے تمام شہروں کے عوام ووٹ کے چوری ہونے کے پیش نظر صف آرا ہونا شروع ہوگئے ہیں، میاں جاوید لطیف پارٹی کا سرمایہ واثاثہ ہیں جنہوں نے ہرقسم کے مفاد اور دباؤ سے بالاتر ہوکر ملکی مسائل اور برائیوں کی جراتمندی کیساتھ نشاندہی کی ہے۔ رکن قومی اسمبلی میاں جاویدلطیف کی رہائشگاہ پر کیپٹن(ر)محمدصفدر، عظمی بخاری،اسرار خان کے ہمراہ میڈیا سےگفتگو کرتےہوئےپرویز رشید نے کہا کہ پاکستان کے مسائل کا واحد حل ملک میں آئین وقانون کی بالا دستی کیساتھ صاف،شفاف اور ہر قسم کی مداخلت سے پاک غیر جانبدارانہ قومی انتخابات ہیں اس سے ہی ووٹ کو چوری ہونے اور اس کے تقدس کوپامال ہونے سے بچا کر عوامی مینڈیٹ کا احترام یقینی بنایا جاسکتا ہے، جس کے اثرات ملکی معیشت،سیاست اور امن وامان پر بھی بڑے خوشگوار مرتب ہونگے۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں سانحہ مشرقی پاکستان سے سبق حاصل کرنا ہوگا ،ہماری جدوجہد ووٹ کو عزت دو کی جدوجہد ہے،اس کے بغیر ہم کبھی بھی ملک کو ترقی اور خوشحالی کی شاہراہ پر گامزن نہیں کرسکتے۔ا س موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیپٹن(ر)محمد صفدر نے کہاکہ ہماری کسی کیساتھ کوئی مفاہمت ہوئی ہے اور نہ ہوگی، صرف اور صرف نواز شریف کا بیانہ ہی ہر کسی کو تسلیم کرنا پڑیگا ،جو بھی اس بیانہ سے راہ فراراختیار کریگا وہ تاریخ میں اچھے نام سے یاد نہیں کیاجائیگا ، ن لیگ نواز شریف کے بیانہ کے مطابق اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے اور اس پر کوئی دو رائے نہ ہے۔

close