کوئٹہ(پی این آئی ) بلوچستان میں بارشوں نے تباہی مچادی، رات گئے آسمانی بجلی گرنے کے باعث تین افراد جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق کوہلو کے نواحی علاقے سفید اور نساؤ میں موسلادھار بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے کے دو مختلف واقعات میں خاتوں اور بچے سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوئے۔نجی ٹی وی اے آروائی کے مطابق حادثے کے بعد علاقے میں امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے زخمیوں کو طبی امداد کے لئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کوہلو روانہ کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد دی گئی۔اس کے علاوہ سینجاڑ، لاسے زائی، تمبو اور سفید کے علاقوں میں ژالہ باری بھی ہوئی، جس کے نتیجے میں خریف کی فصلیں تباہ ہوگئیں، بارشوں کے باعث مختلف علاقوں میں کئی کچے مکانات بھی گرے،فوری طور پر نقصانات کی تفصیل سامنے نہیں آسکی ہے۔دوسری جانب اسلام آباد اور گردونواح میں بارش اور ژالہ باری ہر طرف جل تھل ہو گیا، گرمی کے ستائے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔ راولپنڈی اور گردونواح میں گرج چمک کےساتھ موسلادھاربارش برستی رہی۔ لاہور اور نواحی علاقوں میں بارش اور ٹھنڈی ہواؤں نے موسم دلفریب بنا دیا۔ کاہنہ،قصوراور کے علاوہ نارووال،ظفروال اور گردونواح میں رم جھم۔ڈسکہ ،مریدکے اور گردونواح میں گرج چمک کےساتھ بارش ہوتی رہی۔ گوجرہ ،چنیوٹ ،شاہ کوٹ،سانگلہ ہل،قائدآباد اور گردونواح میں بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہو گیا۔ کندیاں، چشمہ اورگردونواح میں گرج چمک کےساتھ موسلا دھار بارش ہوئی۔نارووال قلعہ احمد آباد ۔بدوملہی اور خان خاصہ میں بارش کے ساتھ زالہ باری ۔ نارووال میں ٹھنڈی ہواؤں اور زالہ باری سے موسم ٹھنڈا ٹھار ہوگیا ۔ محکمہ موسمیات نے وقفے وقفے سے بادل برسنے کی نوید سنائی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں