ہم پی ڈی ایم کا نوٹس پھاڑ چکے اور آپ بار بار کیوں کہہ رہے ہو ان کو نہیں لیں گے؟ ہم آنا بھی نہیں چاہتے، بلاول نے فیصلہ سنا دیا

مردان (پی این آئی) استعفیٰ بھی نہیں دے رہے، الیکشن بھی لڑ رہے ہیں، آپ تو ہمارے موقف پر چل رہے ہیں، بلاول بھٹو کا پی ڈی ایم پر طنز، اپوزیشن اتحاد کو پیپلزپارٹی جوائن کرنے کا مشورہ دے دیا- تفصیلات کےمطابق پی ڈی ایم پر تنقید کرتے ہوئے پی پی چیئرمین کا کہنا تھاکہ ہم نے پی ڈی ایم میں واپس جانے کی نہ خواہش ظاہر کی نہ درخواست دی، ہم پی ڈی ایم کا نوٹس پھاڑ چکے اور آپ بار بار کیوں کہہ رہے ہو ان کو نہیں لیں گے؟ ہم آنا بھی نہیں چاہتے ، آپ کی مہربانی، اگرپی ڈی ایم میں پیپلزپارٹی اور اے این پی نہیں تواحتجاج کے بغیرسیدھا استعفے دیتے۔مردان میں میڈیا سے گفتگو میں بلاول کا کہنا تھاکہ معاشی مسائل کا حل پیپلزپارٹی کےپاس ہے، آزادکشمیر الیکشن کے بائیکاٹ کی غلطی نہیں کریں گے جبکہ ہمارے اتحادی بھی آج ہمارے فیصلے کو مان رہےہیں، استعفا دیتے تو پی ٹی آئی کو کھلا میدان مل جاتا۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم سیاسی اتحاد ہے، سیاسی اختلاف ہوسکتے ہیں، پارلیمان میں ہم ایک ہیں اور ہم نےقائدحزب اختلاف کو اختیار دیا ہے۔بلاول کا مزید کہنا تھاکہ معاملہ صرف استعفے کا تھا، ایک سال تک استعفیٰ استعفیٰ کرتے رہے تو اب استعفے دیں، آپ استعفیٰ بھی نہیں دے رہے اور الیکشن بھی لڑ رہے ہیں، جب پیپلز پارٹی کے ہی مؤقف پر چلنا ہے تو پیپلز پارٹی ہی جوائن کرلیں۔ ان کا کہنا ہے کہ انقلابیوں کو یہی سمجھا رہاہوں کہ عمران خان کیلئے میدان نہ چھوڑيں، پیپلز پارٹی اور اے این پی کے بغیر پی ڈی ایم جمہوری تحریک ہی نہیں۔بجٹ کے حوالے پی پی چیئرمین کا کہنا تھاکہ مہنگائی تاریخی سطح پر ہے، مہنگائی کی شرح افغانستان سے بھی زیادہ ہے، ملک میں تاریخی بے روزگاری ہے، جتنی بےروزگاری اس حکومت میں ہوئی ماضی میں نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ اکنا مک سروے میں مہنگائی اور بیروزگاری کا ذکر تک نہیں، گزشتہ روزعوام دشمن بجٹ پیش کیاگیا، حکومت تنخواہوں میں اُتنا اضافہ کرےجتنا مہنگائی میں اضافہ کیا۔ فرخ شاہ کی گرفتاری پر بلاول کا کہنا تھاکہ آج آپ نے میرے کارکن کے بیٹے کو گرفتار کیا ہے، یہ سمجھ رہے ہیں کہ کسی سیاست دان کے بیٹے کو گرفتار اور بیوی کو دھمکا کر اپنا راج قائم کرسکتے ہیں تو یہ یاد رکھیں کہ ہم انہیں چھوڑیں گے نہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں