وفاقی بجٹ میں ہر طبقے کے لئے ریلیف ہم نے کرپشن کے آگے بند باندھ دیا

لاہور(آن لائن) معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے وزیراعظم عمران خان کے ویژن اور قیادت کی بدولت مالی سال 2021-22ء کے لئے عوامی امنگوں کے مطابق بہترین بجٹ پیش کیا ہے۔ وفاقی بجٹ میں مزدور، کسان، سرکاری ملازمین، تاجر، ہنرمند سمیت ہر طبقے کو ریلیف فراہم کیا گیا ہے اور اس بجٹ میں عوام کے مسائل کے حل کے لئے حکومتی ترجیحات اپنی عملی شکل میں سامنے آ گئی ہیں۔ پنجاب کے عوام کو بھی بجٹ میں خوشخبری اور ٹھنڈی ہوا کا جھونکا ملے گا۔ پی ٹی آئی حکومت نے اقتدار میں آ کر جس طرح کرپشن کے آگے بند باندھا ہے، اس نے ملک میں ترقی خوشحالی اور آگے بڑھنے کی ٹھوس بنیادیں استوار کر دی ہیں۔آج ڈی جی پی آر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے کرپشن، اقرباپروری، قبضہ کلچر اور لوٹ مار مچا رکھی تھی۔ اس لوٹ کھسوٹ نے ہماری ترقی کا راستہ مسدود کر رکھا تھا۔اینٹی کرپشن کے ادارے کو ن لیگ کے دور حکومت میں پولیو زدہ کرکے شاہی خاندان کے تابع بنایا گیا۔ بدقسمتی سے پنجاب کے اندر دس سال سے کرپشن پروان چڑھتی رہی۔گزشتہ تین سالوں میں حکومت نے اینٹی کرپشن کی مدد سے تاریخی کامیابیاں سمیٹی اور کرپشن کے ناسور کے خلاف بلاتخصیص، بلاامتیاز اور بغیر کسی سیاسی مداخلت کے کارروائیاں کرکے کرپشن کے خلاف عملی اقدامات اٹھائے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اگست 2018 سے لے کر مئی 2021 تک اینٹی کرپشن پنجاب نے مجموعی طور پر 222.85 ارب روپے کی ریکوریاں کی ہیں جس میں 193.8 ارب روپے کی سرکاری زمین قبضہ مافیا سے واگزار کرائی گئی۔ اس میں 24 ارب روپے کی وہ قیمتی سرکاری زمین بھی ہے جو 43 ن لیگی ممبران قومی و صوبائی اسمبلی اور بڑے اور چھوٹے میاں صاحبان کے وُزرا اور مشیروں کے پاس تھی جہاں انہوں نے لازے، سینما گھر، پیٹرول پمپ اور دیگر کمرشل کاروبار بنا رکھے تھے۔ معاون خصوصی نے کہاکہ 26.7 ملین روپے بالواسطہ اور 2.35
بلین روپے بلاواسطہ یا براہ راست اینٹی کرپشن پنجاب نے سرکاری محصولات، ڈویلپمنٹ چارجز نقشہ جات کی فیس اور دیگر کرپشن کی نذرہونے والی سرکاری دولت واپس سرکاری خزانے میں جمع کرائی۔ پنجاب پبلک سروس کمیشن کے پیپر آؤٹ ہونے کے معاملے پر 18افراد کو گرفتار کیاگیا۔ورکرز ویلفیئر بورڈ میں کرپشن پر پانچ کروڑ کی ریکوری کی گئی اور آٹھ افراد کو گرفتارکیاگیا۔انہوں نے کہاکہ ن لیگ کے دور میں پنجاب کی 12یونیورسٹیوں میں 4600افراد کی غیرقانونی بھرتیاں کی گئیں اور اینٹی کرپشن کی کوششوں سے 6.5ارب کی کرپشن سامنے لائی گئی۔ن لیگ کے آخری تین سالوں میں محکمہ ایکسائیز کے ساتھ ملی بھگت سے 7ہزار گاڑیوں کو غیرقانونی رجسٹرڈ کرکے 300ارب کا قومی خزانے کو نقصان پہنچایاگیا۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ ویکسینیشن کا عمل سست روی کا شکار ہے۔میڈیا اورعلماء کرام سے اپیل ہے کہ وہ عوام کو ویکسین کی طرف مائل کریں۔ حکومت ہر مزار پر زائرین کیلئے ویکسینیشن ڈیسک بنانے جا رہی ہے تاکہ پاکستان کو کورونا فری بنایا جاسکے۔ معاون خصوصی نے کہاکہ پی ٹی آئی کی حکومت صحافی برداری کے حقوق کے تحفظ کا عزم لے کر آئی ہے۔صحافی برادری کے جائز تحفظات کو دور کیاجائے گا اور ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔جوش دکھانے کی صورت میں ہوش پیچھے رہ جاتا ہے۔جوش اور ہوش میں توازن رکھ کر ہی مسائل کا حل کیا جاسکتا ہے۔حکومت صحافی برادری کو کسی طور پر مایوس نہیں کرے گی۔ہمیں ٹکراؤ کی طرف نہیں جانا اور مسائل کا حل نکالنا ہے۔میں وزیراعلیٰ آفس اور صحافی برداری کے درمیان پُل کا کردار ادا کروں گی۔ایک سوال کے جواب میں معاون خصوصی نے کہا کہ ایف آئی اے نے آج عدالت میں کہاہے کہ چونکہ تحقیقات کا عمل جاری ہے اس لئے جہانگیر ترین کی گرفتاری مطلوب نہیں ہے۔اس وجہ سے جہانگیر ترین نے ضمانت واپس لے لی ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ کرپشن ختم نہیں ہوئی تاہم کرپشن کرنے والے عمران خان کے خوف میں مبتلا ہو گئے ہیں۔ق لیگ والے ہمارے اتحادی ہیں۔ہم سب نے مل کر کرپشن کے ناسور کا مقابلہ کرنا ہے۔ایک سوال پہ انہوں نے کہاکہ ہر ایکشن کا ری ایکشن ہوتا ہے۔لیک ہونے والی ویڈیو میں تصویر کا ایک رُخ دکھایاگیاہے۔میں نے پولیس کو بلوایا تھا لیکن عبدالقادر مندوخیل وہاں سے بھاگ گیا۔مندوخیل پروگرام میں شراب پی کر آیا تھا۔یہ کیسا مرد ہے جو عورت کے ڈر سے بھاگ گیا۔ہم نے پیمرا کو درخواست دی ہے اور چینل کو نوٹس جاری ہو چکا ہے۔کوئی کسی کے مرحوم والدین کو ننگی گالیاں بکے تو مرد ہو یا عورت اس کا ردعمل ضرور ہوتا ہے۔ہم قانونی اور آئینی محاذ پر اپنا دفاع کریں گے

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں