پی ٹی آئی حکومت عوام سے جھوٹ بولتی ہے اور سرکاری ملازمین سے کئے وعدوں پر عمل نہیں کرتی، بلاول بھٹو

اسلام آباد(آئی این پی )پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جمعہ کے روز پارلیمنٹ ہائوس کے باہر سرکاری ملازمین کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے طور پر ان کے احتجاج میں شرکت کی۔ سرکاری ملازمین سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین بلاول بنے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت پاکستان کے عوام کے ساتھ جھوٹ بولتی ہے اور سرکاری ملازمین سے کئے ہوئے وعدوں پر عمل نہیں کرتی۔ انہوں نے سرکاری ملازمین کے ایک ترجمان سے باتیں کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ وہ ان کے مطالبات پارلیمان میں پیش کریں گے۔ سرکاری ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین بلاول نے میڈیا کا شکریہ اداکرتے ہوئے میڈیا سے کہا کہ وہ کمزور لوگوں کی آواز بنیں اور امید کی کہ میڈیا سرکاری ملازمین اور پاکستانی عوام کے ساتھ حکومت کی جانب سے گذشتہ تین سالوں میں ہونے والی نہ انصافیوں کو سامنے لائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کہتی ہے کہ ملکی معیشت ترقی کی جانب رواں دواں ہے تو پھر سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیوں نہیں کیا جارہا؟ پی ٹی آئی کی حکومت پاکستان کے غریب عوام سے ناانصافی کرتی ہے اور ان سے جھوٹ بولتی ہے۔ پاکستان میں افراط زر، غربت اور بیروزگاری گذشتہ تین سالوں میں تاریخی سطح پر پہنچ چکی ہے۔ حکومت کو چاہیے تھا کہ وہ اس وباء کے دور میں جتنی زیادہ تنخواہیں بڑھا سکتی تھی وہ بڑھاتی۔ انہوں نے کہا کہ پی پی پی کی حکومت نے اپنے دور میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 120فیصد اور پنشن میں 100 فیصد اضافہ کیا تھا۔ حکومت کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ ملک میں افراط زر کے حساب سے تنخواہوں میں اضافہ کرے۔ پاکستان پیپلزپارٹی اور حزب اختلاف مطالبہ کرتے ہیں کہ عوام کو ریلیف مہیا کیا جائے اب عوام سے ہونے والی ناانصافی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے سندھ حکومت کو ہدایت کی ہے کہ وہ کم سے کم تنخواہ 25ہزار مقرر کرے۔ چیئرمین بلاول نے کہا کہ وہ اس پی ٹی آئی ایم ایف بجٹ کو اسمبلی سے پاس نہ ہونے دینے کے لئے ہر کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی ایم ایف کا یہ بجٹ پاس ہوگیا تو وہ ملک کے ہر شہر کے کونے کونے میں جا کر پاکستانی عوام کو بتائیں گے کہ وہ اس حکومت کی نااہلی کی وجہ سے معاشی بدحالی کا شکار ہے۔ غریب عوام پی ٹی آئی ایم ایف کے بجٹ کا بوجھ اٹھا رہے ہیں۔ صرف پیپلزپارٹی کی عوامی حکومت ہی عوام کو درپیش مسائل حل کر سکتی ہے۔ انہوں نے احتجاجی ملازمین کو یقین دلایا کہ پیپلزپارٹی اس پی ٹی آئی ایم ایف بجٹ کے خلاف تحریک چلائے گی۔ صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم یہ مطالبہ کر رہے ہیں کہ حکومت سرکاری ملازمین کے ساتھ کئے گئے معاہدے پر عمل کرے۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ تنخواہوں میں اسی طرح اضافہ کرے جیسے پیپلزپارٹی کی حکومت نے کیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں