اسلام آباد(پی این آئی)وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی اور پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے مرکزی رہنما سردار تنویر الیاس خان کا’جادو ‘ آزاد کشمیرمیں سرچڑھ کر بولنے لگا ، مسلم لیگ ن ،پاکستان پیپلز پارٹی،مسلم کانفرنس سمیت دیگر سیاسی و سماجی تنظیموں کے اہم رہنماؤں کا سینکڑوں کارکنوں سمیت تحریک انصاف میں شامل ہونے کا سلسلہ جاری ، ایل اے 15 میں سردار تنویر الیاس خان سمیت پورے آزاد کشمیر میں تحریک انصاف کے امیدواروں کی مکمل حمایت کا اعلان ۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئےحلقہ وسطی باغ سے پاکستان تحریک انصاف کے نامزد امیدوار سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر گرم ترین موسم میں مظفر آباد ، حویلیاں ، وسطی و غربی باغ ، راولاکوٹ ، میرپور،کوٹلی سمیت تمام اضلاع سےکشمیری جوق در جوق تحریک انصاف کی صفوں میں شامل ہو رہے ہیں،ہمارے مخالفین سمجھ چکے ہیں کہ آمدہ انتخابات میں ان کی دال نہیں گلنی ،اس لئے اب غیر پارلیمانی لب و لہجہ اختیار کیا جا رہا ہے لیکن ہم کسی کے خلاف غیر مہذب ناشائستہ زبان اختیار نہیں کریں گے ۔سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ راجہ فاروق حیدر کسی بھی انداز میں وزیراعظم نہیں لگتے،جس طرح انہوں نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف بدتمیزی اور غیر پارلیمانی لہجہ اپنایا ہوا ہے وہ کسی طور پر بھی مہذب اور شائستہ نہیں کہلا سکتا ،آمدہ انتخابات میں واضح شکست دیکھتے ہوئے راجہ فاروق حیدر اپنے حواس کھو بیٹھے ہیں،اسی لئے وہ بد حواسی میں اول فول بک رہے ہیں جس کی ہم مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ راجہ فاروق حیدر نے تحریک انصاف پر دھاندلی کے الزامات عائد کیے ہیں جبکہ وہ خود پری پول رگنگ کر رہے ہیں، فاروق حیدر کے بیانات ملکی سلامتی کے لیے خطرہ بن چکے ہیں، فاروق حیدر الیکشن میں شکست دیکھ کر ریاست میں افراتفری پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں،فاروق حیدر الزامات کے بجائے اپنے گریبان میں جھانکیں ، انہیں خود اندازہ ہو جائے گا کہ وہ کیا کہہ رہے ہیں۔سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ فاروق حیدر کشمیر کو صوبہ بنانے کا شوشہ چھوڑ کر قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، آزاد کشمیر کو صوبہ بنانے کا فارمولا کسی سطح پر زیر غور نہیں ہے، وزیر اعظم عمران خان کا کشمیر بارے موقف واضح ہے،عمران خان نے دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ کشمیریوں کی منشاء کے مطابق ہوگا، وزیراعظم عمران خان نے جس جاندار انداز میں کشمیر کا مقدمہ دنیا کے سامنے لڑا، آج تک کسی وزیراعظم نے عالمی سطح پر ایسے مسئلہ کشمیر کو اجاگر نہیں کیا، عمران خان پاکستان کے موجودہ سیاستدانوں میں کشمیر کے لیے سب سے زیادہ درد دل رکھنے والے شخص ہیں، تحریک انصاف آزاد کشمیر انتخابات میں کامیابی کے بعد کشمیریوں کی توقعات پر پورا اترے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں