وزیر داخلہ شیخ رشید سے امریکی رہنما لیسلی وی ویگیوری کی ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال

اسلام آباد(آئی این پی)وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سے پاکستان کیلئے امریکی وزارت خارجہ کے ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری لیسلی وی ویگیوری نے ملاقات کی جس میں پاک امریکہ دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں امریکی صحافی ڈینیل پرل قتل کیس میں ملوث مجرم عمر شیخ، انسانی سمگلنگ اور منشیات کی روک تھام سے متعلق اقدامات اور دیگر امور پر بھی گفتگو کی گئی،امریکی ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری نے انسانی سمگلنگ اور منشیات کی روک تھام کے لئے پاکستان کی حالیہ کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انسانی سمگلنگ اور منشیات کے کیسوں میں کارروائی کو مزید تیز کرنے کے خواہشمند ہیں،وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے لئے حکومت نے دو نئے قوانین نافذ کیے ہیں، امید ہے نئے قوانین پاکستان میں انسانی سمگلنگ کے خاتمے کیلئے بہت مدگار ثابت ہونگے،انہوں نے کہاکہ انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے لئے پاک -افغان سرحد پر باڑ بھی بہت موثر ثابت ہورہی ہے پاکستان نے گذشتہ برس انسانی سمگلنگ میں ملوث دو ہزار سے زائد افراد کو گرفتار کیا ہے، وزیر داخلہ نے کہاکہ انسانی سمگلنگ میں ملوث افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں، وہ قانون کے مطابق سزائیں پائیں گے،امریکی ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری نے کہاکہ انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لا انفورسمنٹ (آئی این ایل)مختلف قانون نافذ کرنے والے اداروں کو معاونت فراہم کررہا ہے۔ امید ہے منشیات کے خاتمے کے قوانین میں اصلاحات کے لئے ادارے کی معاونت کارگر ثابت ہوگی۔وزیر داخلہ نے کہاکہ پاکستان میں منشیات کنڑول کے حوالے سے سخت ترین سزائیں موجود ہیں،انہوں نے امریکی ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری کو یقین دلایا کہ پاکستان منشیات کی روک تھام کے حوالے سے مثبت تجاویز کا خیر مقدم کرے گا۔ امریکی ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری نے کہاکہ ڈینئیل پرل کیس میں ملوث عمر شیخ کی رہائی کے معاملے کو امریکہ بہت سنجیدگی سے دیکھتاہے،وزیر داخلہ نے کہا کہ عمر شیخ کی رہائی کے خلاف سندھ اور وفاق کی اپیلیں دائر ہوچکی ہیں، عمر شیخ کی رہائی کے خلاف حکومتی اپیل پر سپریم کورٹ میں کاروائی مسلسل جاری ہے، سپریم کورٹ کے حتمی فیصلے کی روشنی میں عمر شیخ کے معاملے کو دیکھا جائیگا۔ امریکی ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری نے کہاکہ عمر شیخ کی رہائی کے خلاف حکومتی اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close