ویکسین نہ لگوانے والوں کا موبائل سم بلاک کر دیا جائے گا، فیصلہ آ گیا

لاہور(آئی این پی) پنجاب حکومت نے کرونا وائرس کے خلاف ویکسینیشن نہ کرانے والے افراد کا موبائل سم کارڈ بلاک کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا،صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ ہفتے سے 18سال سے زائد افراد کی ویکسینیشن کا آغاز کیا جا رہا ہے، ویکسینیشن کے عمل کو بھرپور طور سے کامیاب بنایا جائے گا،تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب نے کرونا وبا کے تدارک، اور ویکسینیشن عمل کو تیز کرنے کے لیے اہم فیصلے کر لیے، ویکسین نہ لگوانے والوں کا موبائل سم کارڈ بلاک کر دیا جائے گا،اس سلسلے میں جمعرات کو وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد کی زیر صدارت کرونا صورت حال کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے میں کرونا وبا کے پھیلا ئوکو روکنے، اور ویکسینیشن سینٹرز کی تعداد برھانے کی تجاویز کا جائزہ لیا گیا،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 20فی صد آبادی کی ویکسینیشن والے اضلاع میں کاروبار کھول دیے جائیں گے، محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر اس سلسلے میں نوٹیفکیشن جاری کرے گا،12جون سے پنجاب میں 18سال کی عمر سے زائد افراد کی واک ان ویکسینیشن کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، پنجاب کے اہم مزارات کے باہر موبائل ویکسینیشن کیمپ قائم کیے جائیں گے،اجلاس میں سرکاری اسپتالوں میں سہولتوں میں اضافہ و دیگر اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا، صوبے میں کرونا وائرس کے کیسز اور انفیکشن سے اموات میں واضح کمی پر سیکریٹریز صحت کی تعریف کی گئی،صوبائی وزیر یاسمین راشد نے کہا صوبے میں کرونا کے مریضوں کی تعداد میں واضح کمی واقع ہوئی ہے، حکومت کرونا کے تدارک کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے، کرونا کے مثبت کیسز میں واضح کمی کا کریڈٹ انتظامیہ کو جاتا ہے،یاسمین راشد کا کہنا تھا ہفتے سے 18 سال سے زائد افراد کی ویکسینیشن کا آغاز کیا جا رہا ہے، ویکسینیشن کے عمل کو بھرپور طور سے کامیاب بنایا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں