اسلام آباد (پی این آئی ) کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 246 لیاری سے منتخب ہونے والے پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی شکورشاد نے بجٹ میں لیاری کو نظرانداز کرنے پر اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ میڈیا ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی ایم این اے شکورشاد نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان سے ملاقات ہوئی تھی لیکن وزیراعظم کی طرف سے لیاری کے منصوبوں کو اہمیت نہیں دی گئی ، لیاری سے بلاول بھٹو زرداری کو شکست دینے والے کو وفاقی وزیر ہونا چاہیئے تھا لیکن وفاق کی مسلسل نظراندازی پر دلبرداشتہ ہو کر گھر بیٹھ گیا ہوں۔دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے وفاقی بجٹ کی منظوری کا ٹاسک گورنر پنجاب چوہدری سرور کو سونپ دیا ، میڈیا ذرائع کے مطابق وزیراعطم عمران خان کی جانب سے بجٹ منظور کروانے کا ٹاسک سونپے جانے کے بعد گورنر پنجاب چوہدری سرورآج پی ٹی آئی کے اراکین قومی اسمبلی کے اعزاز میں عشائیہ دیں گے، انہوں نے کہا ہے کہ آئندہ بجٹ میں ہرشعبے میں عوام کوریلیف دینے کیلئے اقدامات کیے جائیں گے، پاکستان مسلم لیگ ق سمیت تمام اتحادی بجٹ میں حکومت کا ساتھ دیں گے، کیوں کہ حکومت تمام اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلے گی ، جس کے لیے اتحادیوں کےتحفظات بھی دور کیے جائیں گے، جس کے بعد اپوزیشن بجٹ منظور نہ ہونے کے خواب دیکھتی رہ جائے گی اور بجٹ منظور ہوجائے گا، اپوزیشن پہلے بھی ناکام ہوچکی ہے اور آئندہ بھی ان کو ناکامی کے سوا کچھ نہیں ملے گا ، کیوں کہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں ایک پیج پر ہیں اور نہ ہی آئیں گی۔علاوہ ازیں حکومت نے قومی اسمبلی میں قانون سازی کے دوران اپوزیشن کے احتجاج کے خدشے کے پیش نظر اتحادیوں کو اعتماد میں لینا شروع کر دیا ، ذرائع نے بتایا کہ ایجنڈا حکومتی بزنس سے بھرپور ہے اور اجلا س میں اہم قانون سازی کی جائے گی ، حکومت نے قانون سازی مکمل کرنے کے لیے اپنے ارکان کو ایوان میں حاضر ہونے کی تاکید کردی، کیوں کہ عین وقت پر طویل ایجنڈا جاری ہونے ہونے پر اپوزیشن کی طرف سے بھی احتجاج کا قوی امکان ہے، اس لیے حکومت کی جانب سے اتحادیوں کو اعتماد میں لینے کا سلسلہ بھی شروع کردیا گیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں