کرونا ویکسین لگوائیں اور کم کرایہ دے کر سفر کریں، پی آئی اے نے مسافروں کو پیشکش کر دی

لاہور (پی این آئی) کرونا ویکسین لگوائیں اور کم کرایہ دے کر سفر کریں، قومی ائیرلائن پی آئی اے نے ویکسین لگوانے والے افراد کیلئے خصوصی رعایتی پیکج متعارف کروا دیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کی قومی ائیرلائن پی آئی اے کی جانب سے عوام کو کورونا ویکسین لگوانے کی ترغیب دینے کیلئے خصوصی سہولت کا اعلان کیا گیا ہے۔ پی آئی اے کی جانب سے ویکسین لگوانے والے مسافروں کو رعایتی نرخ پر سفری ٹکٹس فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔پی آئی اے حکام کے مطابق وہ شہری جن کی عمر 50 سال یا اس سے زائد ہے، اور وہ اپنی کورونا ویکسینیشن مکمل کروا چکے، تو انہیں اندرون ملک سفر کرنے پر 10 فیصد کم کرایہ ادا کرنے کی سہولت دی جائے گی۔ واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے ملک میں کورونا ویکسینیشن مہم میں تیزی لانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔خاص کر پنجاب میں اس حوالے سے مختلف تجاویز زیر غور ہیں۔ذرائع کے مطابق تجویز پیش کی گئی ہے کہ ویکسین نہ لگوانے افراد کی موبائل سم بند کر دی جائے، جبکہ ویکسین نہ لگانے والوں کا دفاتر، پبلک پارکس، ریسٹورنٹس اور شاپنگ مالز میں داخلہ بند کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس حوالے سے جلد فیصلہ کیے جانے کا امکان ہے۔ دوسری جانب وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیرصدارت این سی او سی اجلاس میں کورونا کی صورتحال اور کاروباری پابندیوں میں نرمی پر غور کیا گیا۔این سی اوسی نے ملک بھر میں کورونا ویکسی نیشن مہم 3 حصوں میں چلانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ویکسی نیشن کا عمل سرکاری اورغیرسرکاری ملازمین کیلئے لازمی ہوگا۔ تمام ملازمین 30 جون تک کورونا ویکسی نیشن لازمی کرائیں۔ عام شہریوں کو رضاکارانہ طور پر ویکسین لگائی جائے گی۔ ویکسی نیشن سینٹرز 11 جون سے رات 10 بجے تک کھلے رہیں گے۔ کورونا ویکسی نیشن سینٹرز اب اتوار کو بند رہیں گے، 18سال سے زائد عمر کے افراد کیلئے 11 جون سے واک ان ویکسی نیشن کی سہولت ہوگی۔اسی طرح این سی اوسی نے کاروباری پابندیوں میں نرمی کرتے ہوئے فیصلہ کیا کہ کاروبار 2 دن کے بجائے ایک دن بند رکھے جائیں گے۔ اب صرف اتوار کو کاروبار بند ہوں گے۔ ان ڈور جم کھولنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جم کے تمام ممبرز کے لیے کورونا ویکسی نیشن لازمی ہوگی۔ دفاتر میں 50 فیصد حاضری کو بڑھا کر واپس 100 فیصد کردی گئی ہے۔پبلک ٹرانسپورٹ میں مسافروں کی گنجائش 50 سے بڑھا کر 70 فیصد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ہفتے میں2 روز بین الصوبائی ٹرانسپورٹ پر پابندی15جون سے ختم کردی جائے گی۔ کراٹے، کبڈی، رگبی اور ریسلنگ پر پابندی برقرار رہے گی، مزارات اور سینما پر بھی پابندی برقرار رہے گی۔ میلے اور ثقافتی تقریبات پر بھی پابندی برقرار رہے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں