وفاقی تعلیمی بورڈ نے میٹرک اور انٹر کے سالانہ امتحانات کی تاریخ کا اعلان کردیا

اسلام آباد(آئی این پی)فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے میٹرک اور انٹر کے سالانہ امتحانات کی تاریخ کا اعلان کردیا، نویں تا بارہویں کے امتحانات 10جولائی سے 31جولائی تک ہوں گے، بارہویں اور دسویں کے امتحانات پہلے ہوں گے اور نویں اور گیارہویں کے امتحانات اس کے بعد ہوں گے۔بدھ کواسلام آباد میں چیئرمین فیڈرل بورڈ قیصر عالم نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ نویں تا بارہویں کے امتحانات 10جولائی سے 31 جولائی تک ہوں گے، بارہویں اور دسویں کے امتحانات پہلے ہوں گے اور نویں اور گیارہویں کے امتحانات اس کے بعد ہوں گے۔چیئرمین فیڈرل بورڈ کا کہنا تھا کہ امتحانات کے نتائج کی بنیاد پر بچے جامعات میں داخلہ لے سکیں گے۔قیصر عالم نے بتایا کہ میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے کل امیدوار 3 لاکھ 85 ہزار سے زائد ہیں،میٹرک کے767 اور انٹرمیڈیٹ کے 385 سینٹرز بنائے جائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ کورونا کے باعث سلیبس بھی کم کیا ہے، طلبا کا تمام دارومدار اختیاری مضامین پر ہوتا ہے، ریگولر طلبا کا امتحان اختیاری مضامین میں ہوگا اورجو بچے دوبارہ ٹیسٹ دینا چاہتے ہیں ان کا امتحان بھی اسی طرح ہوگا، ان بچوں کی ڈیٹ شیٹ نویں اور گیارہویں کے ساتھ جاری ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ امپروومنٹ والے بچوں کا امتحان اگست میں ہوگا،پہلی بار امتحانات میں ڈیجیٹل حاضری لگے گی، فیڈرل بورڈ کے ڈیش بورڈ پر بچوں کی حاضری غیر حاضری کا پتہ چل جائیگا، ڈیجیٹل امتحانات کی انسپکشن بھی ہوگی۔چیئرمین فیڈرل بورڈ کا کہنا تھا کہ ابھی امتحانات کے پریکٹیکل نہیں لے رہے، آئندہ امتحانات میں پریکٹیکل لیں گے، پریکٹیکل کے نتائج ایک گھنٹے میں موصول ہوجائیں گے، امتحانی پیپر ای مارکنگ کے ذریعے چیک ہوں گے، اس طریقہ کار سے معروضیت آجائے گی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ کوشش ہے 30 روز کے اندر امتحانات کے نتائج کا اعلان ہو جائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close